حیدرآباد 24/اگست(سماجی خبریں): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور حیدرآباد رکن پارلیمان و کل ہند صدر مجلس اتحاد المسلمین جناب اسد الدین اویسی نے جمعہ رات دیر گئے وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی سے ان کے گھر واقع جوبلی ہلس پر ملاقات کرتے ہوئے انہیں وقف بل پر مسلمانوں کے اعتراضات سے واقف کروایا اور ایک تحریری یاداشت حوالہ کی۔ اس موقع پر رکن پارلیمان حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین جناب اسد الدین اویسی نے کہا کہ وقف ترمیمی بل 2024 دستور میں اقلیتوں کے حقوق پر حملہ ہے جبکہ اس کے اطلاق سے مرکزی حکومت وقف کی املاک کو ہڑپنے کی سازش کر رہی ہے۔ اس بل کی مخالفت اور مطالبات پر مبنی تحریری یاداشت وزیراعلی کے حوالہ کی گئی ہے۔ اس موقع پر وفد کے ہمراہ تلنگانہ مائناریٹی ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ سوسائٹی (ٹی یم آر آئی ای ایس) چیرمین فہیم قریشی بھی موجود تھے۔