تمام سیاسی و سماجی قائدین کی شرکت، جناب عزیز الرحمن کا تلگو زبان میں آپسی اتحاد پر خصوصی خطاب
مکتھل 2/اپریل (سماجی خبریں):- سدبھاؤنا فاؤنڈیشن مکتھل جو کہ جماعت اسلامی کا متعلقہ ادارہ ہے، کے زیر اہتمام ایک عید گیٹ ٹوگیدر کا محلہ ال-خطیب پر انعقاد عمل میں آیا۔ اس گیٹ ٹوگیدر میں جناب عزیز الرحمن صاحب تلگو مترجم نے بَزبان تلگو میں حاضرین کو مخاطب کیا اور اس موقع پر مولانا عبدالقوی صاحب، برادر انجیّا آچاری اور برادر خطیب محمد عبدالرزاق شہباز شایہ نشین پر موجود تھے اور انہوں نے بھی مخاطب کیا۔ جبکہ محلہ ال-خطیب کے بزرگ شخصیات محترم جناب خطیب محمد عبدالقَدر صاحب، جناب قاضی شہاب الدین صاحب اور سید نعیم صاحب موجود تھے۔
جناب عزیز الرحمن صاحب کے خطاب کے بعد شرکاء کو اپنے خیالات کے اظہار کا موقع دیا گیا جس میں برادر مدھوسودھن ریڈی، برادر ملیکرجن چیئرمین میونسپلٹی، برادر کولا وینکٹیش، برادر چنا ہنمنت TRS لیڈر، برادر جی. نریندر چارے اور برادر انور حسین نے اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ سبھی نے اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کی ستائش کی اور ایسے پروگرامز کے بار بار انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کے علاوہ محلہ ال-خطیب، محلہ برہماس اور محلہ وکیتی کے برادران وطن (غیر مسلم برادران) کی توقع سے زائد ایک کثیر تعداد نے بڑے جوش و خروش سے شرکت کی۔ منتظمین کی جانب سے شرکاء کو گیٹ ٹوگیدر میں شیر خورمہ اور پچڑی پیش کی گئی اور بعد ازاں تمام برادران وطن (غیر مسلم برادران) اور شریک برادران ملت کے لیے ظہرانے کا نظم کیا گیا۔
ان تمام انتظامات کو برادر محمد فیاض ڈائریکٹر AMC مکتھل نے انتہائی منظم اور بحسن خوبی کے ساتھ انجام دیا اور جناب خطیب محمد عبدالرزاق شہباز امیرِ مقامی جماعت اسلامی مکتھل نے براہ راست ان انتظامات کی نگرانی کی۔ برادر حسین صاحب، برادر محمد رفیع صاحب اور دیگر نوجوانان محلہ نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
صدر سدبھاؤنا فاؤنڈیشن جناب محمد فہیم بیاضدی نے شرکاء بالخصوص برادران وطن کا ان کی شرکت پر فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔