کم از کم اجرت 26 ہزار روپے مقررکرنے کا مطالبہ
نارائن پیٹ، 3 اکتوبر (سماجی خبریں): سرکاری اسپتالوں اور میڈیکل کالج میں خدمات انجام دینے والے کنٹریکٹ صفائی، سکیورٹی، پیشنٹ کیئر اور سپروائزر ملازمین کے ساتھ حکومت کی جانب سے امتیازی سلوک نہ کرنےاور کنٹریکٹ ملازمین کی کم از کم اجرت 26 ہزار روپے مقرر کرنے کا مطالبات تلنگانہ میڈیکل کنٹریکٹ ورکرز یونین (اے آئی ٹی یو سی) کے ریاستی سکریٹری پی۔ سریش نے کیا۔
کنٹریکٹ ملازمین کی اجرت میں اضافہ، مبینہ ہراسانی اور اضافی کام کے بوجھ میں کمی، حکومت کی ہدایات کے مطابق ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہوں کی ادائیگی اور میعاد مکمل کرنے والی ایجنسیوں کو برخاست کرنے کے مطالبات پر ہفتہ کے روز اے آئی ٹی یو سی سے وابستہ تلنگانہ میڈیکل کنٹریکٹ ورکرز یونین کی قیادت میں ملازمین نے نارائن پیٹ سرکاری جنرل اسپتال اور سرکاری میڈیکل کالج کے روبرو احتجاج کیا۔
میعاد مکمل ہونے کے باوجود ایجنسیوں کی مدت میں توسیع کا الزام
اس موقع پر پی۔ سریش نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں صفائی، سکیورٹی، مریضوں کی دیکھ بھال اور سپروائزر خدمات کے لیے انٹیگریٹڈ ہاسپٹل فیسلٹی مینجمنٹ سروسز (IHFMS) کے تحت تین سالہ مدت کے لیے ایجنسیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ میعاد مکمل ہونے کے باوجود بعض ایجنسیوں کو برطرف کرنے کے بجائے انہی پرانی ایجنسیوں کی مدت میں توسیع کی جارہی ہے، جو مناسب نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اس پالیسی کے باعث کنٹریکٹ ملازمین کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور ان پر کام کا اضافی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ساڑھے چار برسوں کے دوران اسپتال میں نئی عمارتوں اور وارڈز میں اضافہ ہوا، تاہم اس کے تناسب سے ملازمین کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
ملازمین کو ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہ ادا کرنے کا مطالبہ
پی۔ سریش نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہ ادا کرنے کے حکومتی احکامات موجود ہیں، تاہم ان احکامات پر زمینی سطح پر مکمل عمل نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے ملازمین کے خلاف مبینہ جھوٹے الزامات اور ہراسانی کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایجنسیوں کے ذریعہ کنٹریکٹ ملازمین کو خدمات فراہم کرنے کے نظام کو ختم کرتے ہوئے حکومت کارپوریشن کے ذریعہ براہِ راست ملازمین کو تنخواہیں ادا کرے۔ اس کے علاوہ مساوی کام کے لیے مساوی اجرت کا اصول نافذ کیا جائے اور کنٹریکٹ ملازمین کی کم از کم اجرت 26 ہزار روپے مقرر کی جائے۔
احتجاجی پروگرام میں اے آئی ٹی یو سی کے ضلعی قائد ایس۔ سنتوش کے علاوہ اسپتال اور میڈیکل کالج برانچ یونین کے قائدین اور ملازمین گووردھن ریڈی، کرنکر، رامو، وینکٹیش، راجو، ایم۔ وینکٹیش، رمیش، قادر، راجالنگم، مدھو، سری نو، پروین، بھیم ریڈی، رامولما، گووندما، امبیکا، چنّما، ایم۔ کویتا، انورادھا، انیتا، اشونی، بھودیوی، ستیما، رادھا، شویتا، آنند، سندھیا سمیت دیگر نے شرکت کی۔
نارائن پیٹ ضلع کلکٹر دفتر میں “دیشا” کمیٹی اجلاس، ڈی کے ارونا کی شرکت.
ناشر : سماجی خبریں
نارائن پیٹ: صحافیوں کیلئے کیش لیس ہیلتھ کارڈ جار ی کرنے کا مطالبہ، وزیر اعلیٰ کےنام پوسٹ کارڈ روانہ

