2026-11-19
نارائن پیٹ ضلع کلکٹر دفتر میں "دیشا" کمیٹی اجلاس، ڈی کے ارونا کی شرکت.
نارائن پیٹ ضلع کلکٹر دفتر میں "دیشا" کمیٹی اجلاس، ڈی کے ارونا کی شرکت.

سرکاری اسکیموں پر مؤثر عمل آواری کو یقینی بنانے کی ہدایت : رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا

نارائن پیٹ، 3 اکتوبر (سماجی خبریں): رکن پارلیمنٹ محبوب نگر اور ضلع ترقیاتی رابطہ و نگرانی کمیٹی (دِشا) کی چیئرپرسن ڈی کے ارونا نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ مرکزی و ریاستی حکومت کی جانب سے نافذ کردہ فلاحی و ترقیاتی اسکیموں کو مؤثر انداز میں زمینی سطح تک پہنچانے کیلئے کام کریں اور ہر اہل فرد کو ان اسکیموں کے فوائد حاصل ہوں، اس کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

ضلع کلکٹریٹ کے اجلاس ہال میں ہفتہ کے روز منعقدہ دِشا کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی کے ارونا نے کہا کہ کسانوں، خواتین، طلبہ اور دیگر طبقات کے عوام میں سرکاری اسکیموں کے تعلق سے وسیع پیمانے پر شعور بیدار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے حکومت کی اسکیموں کے مقررہ اہداف حاصل کریں اور ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں۔

سرکاری پروگراموں کو بروقت مکمل کیا جائے 

اجلاس میں ضلع کلکٹر پریانکا کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی و ریاستی حکومتوں کے مشترکہ فنڈز اور مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کے ذریعہ مختلف محکمہ جات میں جاری ترقیاتی و فلاحی پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈی کے ارونا نے کہا کہ سرکاری پروگراموں کو بروقت مکمل کرنے سے آئندہ ترقیاتی کاموں کے لیے منظوری اور اضافی فنڈز حاصل کرنے کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے ضلع کی ہمہ جہت ترقی کے لیے تمام محکمہ جات کو مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے زرعی شعبہ میں وزیراعظم پی ایم ڈی کے وائی پروگرام کے تحت نارائن پیٹ ضلع کو اول درجہ کا ایوارڈ حاصل ہونے پر ضلع کلکٹر اور ضلعی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبے کے ساتھ تمام محکمہ جات باہمی تال میل سے کام کریں تاکہ نارائن پیٹ ضلع کو ترقی کے میدان میں مزید آگے لے جایا جاسکے۔

کسانوں تک مرکزی اسکیموں کے فوائد پہنچانے پر زور

ڈی کے ارونا نے کہا کہ اسپائریشنل ضلع نارائن پیٹ میں مرکزی حکومت کی جانب سے کسانوں کے لیے نافذ کی جانے والی مختلف اسکیموں کے فوائد حقیقی مستحق کسانوں تک پہنچانے کے لیے عہدیدار خصوصی توجہ دیں۔ مرکزی حکومت کے فنڈز سے انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں کے افتتاحی پروگراموں کے بارے میں عوامی نمائندوں کو پیشگی اطلاع دینے کی بھی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگراموں میں عوامی نمائندوں کی شرکت کو باہمی تال میل کے ساتھ یقینی بنایا جائے۔

بھارت مالا منصوبہ: 217 کروڑ کے معاوضے میں 184 کروڑ ادا

اجلاس میں بھارت مالا پروجیکٹ کے تحت اراضی سے محروم ہونے والے کسانوں کو معاوضے کی ادائیگی کے معاملہ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی کے ارونا نے عہدیداروں سے تفصیلات طلب کیں۔

آر ڈی او رمیش نے بتایا کہ تقریباً 600 ایکڑ اراضی سے 1,500 کسان متاثر ہوئے ہیں جبکہ تقریباً 150 معاملات زیر التوا ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 217 کروڑ روپے کے معاوضہ میں سے 184 کروڑ روپے ادا کئے جاچکے ہیں۔

عہدیداروں نے بتایا کہ بعض کسان معاوضہ کی شرح کم ہونے کی وجہ سے رقم قبول نہیں کر رہے ہیں۔ نیشنل ہائی وے محکمہ کے عہدیدار نے بتایا کہ حاصل کردہ اراضی کے لیے قواعد کے مطابق معاوضہ ادا کیا جارہا ہے۔ اس پر ڈی کے ارونا نے اراضی حصول سے متعلق مسائل کو حل کرتے ہوئے کاموں کو آگے بڑھانے اور کسانوں کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

سوریا گھر اسکیم میں 151 رجسٹریشن

بجلی محکمہ کے ایس ای نوین نے بتایا کہ وزیراعظم سوریا گھر اسکیم کے تحت ضلع میں اب تک 151 رجسٹریشن کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 49 سروسز جاری کی جاچکی ہیں جبکہ 162.32 کلوواٹ صلاحیت کے سولر پاور سسٹم نصب کئے گئے ہیں۔ سروس حاصل کرنے والے 49 استفادہ کنندگان سبسڈی کے اہل قرار پائے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایم کسم اسکیم کے تحت 24 پروجیکٹ تجاویز پیش کی گئی ہیں، جن میں سے تین پروجیکٹس کو منظوری حاصل ہوئی ہے۔ ڈی کے ارونا نے قبائلی تانڈوں میں تمام مکانات کو برقی کنکشن فراہم کئے جانے کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں اور سوریا گھر اسکیم کے تعلق سے عوام میں بڑے پیمانے پر شعور بیدار کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع میں مکانات سے محروم ہر اہل خاندان کو رہائشی مکان کی منظوری کے لیے اقدامات کئے جائیں۔

پی ایم شری اسکولوں کے کاموں کا جائزہ

آر اینڈ بی عہدیداروں نے بتایا کہ پی ایم شری اسکولوں سے متعلق مجموعی طور پر 15 کاموں میں سے 7 مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 8 کام زیر تعمیر ہیں۔ فیز۔1 کے 15 کاموں میں سے 8 مکمل ہوگئے ہیں جبکہ ایک کام کا آغاز ہونا باقی ہے، جسے جلد شروع کیا جائے گا۔

ریت کی غیر قانونی منتقلی پر روک لگانے کی ہدایت

اجلاس میں ضلع میں کانکنی کے ذریعہ حاصل ہونے والی آمدنی اور ریت کی منتقلی کے لیے جاری کردہ اجازتوں کے بارے میں بھی ڈی کے ارونا نے تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے کہا کہ ریت کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق شکایات موصول ہورہی ہیں، لہٰذا اس پر مؤثر روک لگائی جائے۔

انہوں نے ضلع کلکٹر کو ریت کے ریچز پر سی سی کیمرے نصب کرتے ہوئے نگرانی کا نظام مزید مستحکم کرنے کی ہدایت دی۔

سڑکوں کی تعمیر میں تیزی لانے پر زور

ڈی کے ارونا نے اوٹکور منڈل کے ولم پلی روڈ کی تعمیر کے کام جلد شروع کرنے کی ہدایت پی آر ای ای اشوک کو دی۔ نارائن پیٹ۔مکتھل روڈ کے کاموں کے آغاز کے تعلق سے کمیٹی اراکین کی جانب سے دریافت کئے جانے پر انہوں نے آر اینڈ بی کے ای ای وینکٹ رمنیا کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام شروع ہونے تک سڑک پر موجود گڑھوں کو پُر کیا جائے۔

پی ایم گرامین سڑک یوجنا کے تحت ضلع میں تعمیر شدہ، زیر تعمیر اور تعمیر کئے جانے والے راستوں کی تفصیلات بھی پی آر ای ای اشوک نے اجلاس میں پیش کیں۔

سرکاری اسپتال کی کارکردگی کا جائزہ

میڈیکل کالج کے پرنسپل اور ضلع سرکاری اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سمپت کمار نے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں 6,500 ان پیشنٹ کیسز درج ہوئے ہیں جبکہ اکتوبر سے اب تک تقریباً 4,000 سرجریز انجام دی جاچکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل شعبوں میں 34 زمروں کے تحت 154 عہدوں پر تقررات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ تقررات کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور جلد ہی ضلع سلیکشن کمیٹی کے ذریعہ منتخب امیدواروں کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

ضلع میں خواندگی کی شرح 49.93 فیصد

ضلع بالغ تعلیم کے انچارج سری نواس بابو نے بتایا کہ نیو انڈیا لٹریسی پروگرام کے تحت ضلع میں ’’اُلّاس‘‘ پروگرام نافذ کیا جارہا ہے۔ پروگرام کے لیے مرکزی حکومت 60 فیصد جبکہ ریاستی حکومت 40 فیصد فنڈز فراہم کررہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2025-26 کے لیے 4,02,632 روپے کے فنڈز منظور کئے گئے ہیں۔ 29 مارچ کو منعقدہ FLNAT امتحان کے لیے 18,062 افراد کا اندراج کیا گیا تھا، جن میں سے 8,172 افراد کامیاب ہوئے۔ 27 ستمبر کو منعقدہ دوسرے مرحلہ کے امتحان کے لیے 24,665 افراد کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جن میں سے 17,800 افراد نے امتحان میں شرکت کی۔

خواندگی کی شراضافہ کے لئے منصوبہ بندی 

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں مجموعی خواندگی کی شرح 49.93 فیصد جبکہ خواتین کی خواندگی کی شرح 39.72 فیصد ہے۔ ضلع میں ناخواندگی کی شرح کم کرنے کے لیے ضلع کلکٹر کی ہدایت پر خصوصی مہم چلائی جارہی ہے اور جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اجلاس میں ضلع پنچایت، محکمہ صحت و طب، زراعت، دیہی ترقی، بجلی، ہاؤسنگ، پنچایت راج، تعلیم، ڈی ڈبلیو او، ایس سی ڈیولپمنٹ، آر ڈبلیو ایس، شہری رسد، نابارڈ، کانکنی، مویشی پالن، ماہی گیری، زیر زمین آبی وسائل، چیف پلاننگ، باغبانی، آبپاشی، محنت، نیشنل ہائی وے اور آر اینڈ بی سمیت مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے اپنے اپنے شعبوں میں جاری ترقیاتی و فلاحی کاموں کی تفصیلات پیش کیں۔

نارائن پیٹ میں سیوا سنکلپ ابھیان کے تحت آنگن واڑی اساتذہ، آیاؤں، آشا ورکرز اور آر پیز کے لیے اعزازی تقریب کا انعقاد

پولیس ملازمتوں کی تیاری کرنے والے بے روزگار نوجوانوں کے لیے خصوصی تربیت: ایس پی ڈاکٹر وینیت

Related Post