محبوب نگر20 ستمبر(سماجی خبریں):رکن پارلیمنٹ محترمہ ڈی کے ارونا نے ریاستی وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے مطالبہ کیا کہ ضلع جوگولامبا گدوال اور آتماکور کے کسانوں کے مفاد میں پریہ درشنی جورالا پراجیکٹ (PJP) کی کینالوں میں فوری طور پر پانی کا اخراج یقینی بنایا جائے. اس موقع پر رکن پارلیمنٹ محبوب نگر محترمہ ڈی کے ارونا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جورالا پراجیکٹ سے تاحال پانی کا اخراج عمل میں نہیں لایا گیا تو ضلع جوگولمبا گدوال، اور آتماکور کے علاقوں میں فصلوں کو شیدید نقصان کا اندیشہ ہے.
اپنے صحافتی بیان میں محترمہ ڈی کے ارونا نے بتایا کہ جورالا پراجیکٹ کے اطراف علاقوں اور کینالوں میں بروقت پانی نہ پہنچنے کے سبب کسانوں کی تیار فصلیں سوکھنے کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔ پانی کی عدم دستیابی نے کسانوں کو سخت پریشانی اور مایوسی میں مبتلا کر دیا ہے، جس کی وجہ سے مجبورا کسان اپنے حق کے لیے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں۔
وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی سے رابطہ اور نمائندگی
صورتحال کی نزاکت اور عوامی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا نے ریاستی وزیر آبپاشی این. اتم کمار ریڈی سے رابطہ قائم کر کے معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ اگر آئندہ 2 سے 3 دنوں کے اندر پانی جاری نہ کیا گیا تو کھڑی فصلیں برباد ہو جائیں گی، اور ایک بار فصلیں جل کر سوکھ گئیں تو اس کے بعد پانی چھوڑنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
اتم کمار ریڈی کا مثبت ردعمل
رکن پارلیمنٹ کی نمائندگی پر وزیر آبپاشی این. اتم کمار ریڈی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور یقین دہانی کروائی کہ وہ محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ہنگامی جائزہ اجلاس منعقد کریں گے اور گدوال و آتماکور کے کاشتکاروں کے تحفظ کے لیے جلد از جلد ضروری اور مثبت اقدامات کیے جائیں گے۔
رپورٹ : محمد فرید صدیقی
ناشر : سماجی خبریں

