2026-11-18

نارائن پیٹ 23 ستمبر(سماجی خبریں): بہار کے ضلع جموئی میں کمسن لڑکی پر حملہ اور ہراسانی کے واقعہ میں ملوث ملزمین کو سخت سزا دینے کا مطالبہ پی ڈی ایس یو سابق ضلعی صدر اور ریاستی معاون سکریٹری ایس۔ سائی کمار نے کیا . اپنے صحافتی بیان میں انہوں نےحکومت سے مطالبہ کیا کہ کوچنگ سنٹروں، اسکولوں اور کالجوں سے طلبہ کے گھر واپسی کے اوقات اور اہم مقامات پر پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے.

اپنے صحافتی بیان میں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہار کے ضلع جموئی میں کمسن طالبہ کے ساتھ پیش آنے والا ہراسانی اور حملے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ ایک طالبہ جب اپنی تعلیم کے سلسلے میں کوچنگ سے گھر واپس جا رہی تھی، اس وقت بعض نوجوانوں نے اسے روک کر مبینہ طور پر نازیبا سلوک کیا اور اس کے ساتھ موجود ایک لڑکے پر بھی حملہ کیا۔

لڑکیوں کے تحفظ کی صورتحال پر سوال

اس واقعہ نے جہاں معاشرے میں خواتین، بالخصوص لڑکیوں کے تحفظ کی صورتحال پر سوال کھڑا کیا ہے بلکہ طالبات کے بلا خوف تعلیم کے حصول کیلئے حکومتی دعووں پر بھی سوال پیدا کر ہی ہے.

ایس۔ سائی کمار نے کہا کہ کسی لڑکی کو کسی لڑکے سے بات کرنے، اس کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے یا سفر کرنے کی بنیاد پر روکنے اور ہراساں کرنے کا حق کسی کو حاصل نہیں ہے۔ اگر کسی کو کسی شخص کی جانب سے غلطی کا شبہ ہو تو پولیس کو اطلاع دینی چاہیے، لیکن گروہ کی شکل میں کسی کو روکنا، حملہ کرنا، مارپیٹ کرنا، بے عزت کرنا یا ویڈیو بنانا غیر اخلاقی و قانون کی توہین ہے.

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ نابالغ متاثرہ کی ویڈیوز، تصاویر یا شناخت سوشل میڈیا پر شیئر نہ کی جائے۔ اگر کسی قانونی یا عوامی ضرورت کے تحت مواد شیئر کرنا ناگزیر ہو تو متاثرہ کی شناخت چھپانے کے لیے چہرہ بلر کیا جائے۔ لڑکیوں کی عزت و وقار کا تحفظ ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔

اخلاقی پولیسنگ (Moral Policing) کے نام پر حجومی حملہ

ایس۔ سائی کمار نے مطالبہ کیا کہ کوچنگ سنٹروں، اسکولوں اور کالجوں بالخصوص لڑکیوں کے آمد و رفت کے راستوں پر مناسب اسٹریٹ لائٹس، سی سی کیمرے اور ہنگامی امدادی نظام قائم کیے جائیں۔ طلبہ کے تحفظ کے لیے خصوصی بیداری پروگرام منعقد کرتے ہوئے انہیں پوکسو ایکٹ (POCSO)، سائبر ہراسانی، خواتین کے تحفظ سے متعلق قوانین اور ہنگامی حالات میں کن اداروں یا افراد سے رابطہ کرنا چاہیے، اس بارے میں آگاہی فراہم کرنی چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کی آزادی کو محدود کرنا تحفظ نہیں، اخلاقی پولیسنگ (Moral Policing) تحفظ نہیں، گروہ کی شکل میں حملہ کرنا بہادری نہیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا کسی بھی صورت درست اقدام نہیں ہے۔ حقیقی ذمہ داری متاثرہ کی حفاظت کرنا اور پولیس کو اطلاع دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کا تحفظ ہی معاشرے کا مستقبل ہے اور خواتین کا احترام دراصل پورے معاشرے کا احترام ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون سب کے لیے یکساں طور پر نافذ کیا جائے، واقعہ میں ملوث ملزمین کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور متاثرہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتیں خواتین کے تحفظ کے سلسلے میں مزید سخت اور مؤثر اقدامات وضع کریں۔

لوکورتی میں دلتوں کے مکانات منہدم کرنے والوں کے خلاف ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے

رپورٹ: پریس نوٹ
ناشر: سماجی خبریں

Related Post