کانگریس کو گاؤں کی سطح سے مضبوط بنانے پر زور
نارائن پیٹ، 29 اگست: نارائن پیٹ ضلع کانگریس پارٹی دفتر (سی وی آر بھون) میں ہفتہ کے روز ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر کے۔ پرشانت کمار ریڈی کی صدارت میں او بی سی کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل اور پارٹی کے تنظیمی استحکام کے موضوع پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹی پی سی سی کے مبصر کوٹلہ چندریا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی سی سی صدر کے۔ پرشانت کمار ریڈی نے کہا کہ او بی سی کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل عمل میں لاتے ہوئے کانگریس پارٹی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کی سطح سے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ او بی سی طبقات کو کانگریس پارٹی سے مزید جوڑنے اور پارٹی کی سرگرمیوں کو زمینی سطح پر وسیع پیمانے پر انجام دینے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں ضلع میں او بی سی کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ضلع او بی سی چیئرمین کے علاوہ منڈل اور ٹاؤن او بی سی صدور کی تقرری، منڈل، گاؤں اور ٹاؤن کمیٹیوں کی تشکیل، نیز اسمبلی حلقہ سطح کی او بی سی کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کا جائزہ لیا گیا۔
ضلع کانگریس صدر نے منڈل صدور کو ہدایت دی کہ پارٹی کے لیے عزم و وابستگی کے ساتھ کام کرنے والے قائدین اور کارکنوں کو مناسب ترجیح دیتے ہوئے تمام طبقات کو منصفانہ نمائندگی فراہم کی جائے اور کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع اور ریاستی سطح کی او بی سی کمیٹیوں میں شامل کیے جانے والے اہل قائدین کے نام حاصل کرکے پارٹی ہائی کمان کو سفارشات بھیجی جائیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ مضبوط او بی سی کمیٹیوں کی تشکیل کے ذریعے کانگریس کو گاؤں کی سطح سے مزید مستحکم کیا جائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر انداز میں کام کیا جائے۔
اس اجلاس میں ضلع جنرل سکریٹری ایم ڈی سلیم، ضلع او بی سی صدر گولا کرشنیا، سابق منڈل صدر کے۔ نرہری، دامرگدہ منڈل صدر برلا ہنمنتو، کرشنیا، سبھاش گوڑ، جٹرم لکشمایا گوڑ، وینکٹ راملو، روی کمار چاری، بندی آنند سمیت دیگر قائدین و کارکنان موجود تھے۔

