رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا، ضلع کلکٹر پرینکا کی شرکت،اجلاس سے خطاب
نارائن پیٹ 2 اکتوبر(سماجی خبریں): وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے 25 سالہ عوامی خدمات کی تکمیل پر "عوامی خدمت کے 25 سال – عوام کی خدمت کے ذریعے قوم کی خدمت” کے موقع پر سیوا سنکلپ ابھیان کے تحت آنگن واڑی اساتذہ، آیاؤں، آشا ورکرز اور آر پیز کے لیے اعزازی تقریب کا انعقاد نارائن پیٹ ضلعی ہیڈکوارٹر کے سری گارڈنز میں عمل میں لایا گیا.
اس موقع پر رکن پارلیمنٹ محبوب نگر محترمہ ڈی کے ارونا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہر گاؤن، ہر گلی میں خدمات انجام دینے والی آشا ورکرز، آنگن واڑی اساتذہ، آنگن واڑی آیاؤں، آر پیز اور خواتین کے گروپس کے اراکین کی خدمات قابل تحسین ہیں. اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عوامی خدمت میں حصہ لیں اور سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
مہاتما گاندھی کا تصور "دیہی خود مختاری” ہی وزیر اعظم مودی کے وکست بھارت کیلئے بنیاد
رکن پارلیمنٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آشا ورکرز اور آنگن واڑی عملہ دیہی علاقوں میں حاملہ خواتین، بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں اور چھوٹے بچوں میں صحت، غذائیت، ویکسینیشن اور صفائی ستھرائی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ صحت مند حاملہ خاتون ہی صحت مند بچے کی ضمانت ہوتی ہے، اور بچوں کی ابتدائی عمر سے ہی ان کی غذائیت، صحت اور تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
گاندھی جینتی کے پیش نظر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مہاتما گاندھی کے تصور’گرام سوراج’ (دیہی خود مختاری) کی تکمیل میں صفائی ستھرائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہر گاؤں میں صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے کے لیے عوام، حکام اور منتخب نمائندوں سے باہمی تعاون کے ساتھ کامکرتے ہوئے متعدد بیماریوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کریں۔
رکن پارلیمنٹ ارونا نےمزید کہا کہ ریاست کی ترقی دیہات کی ترقی سے وابستہ ہے اور ملک کی ترقی کا انحصار ریاست کی پیش رفت پر ہے۔ انہوں نے سب سے ‘وکست بھارت 2047’ (Viksit Bharat 2047) کے اہداف کے حصول میں شرکت کی اپیل کی اور دیہی ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے، کسانوں کی بہبود اور شہری ترقی جیسے شعبوں میں اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
دیہی ترقی میں آنگن واڑی اور آشا ورکرز اہم کردار ادا کرتے ہیں. ڈسٹرکٹ کلکٹر پرینکا۔
ضلع کلکٹر پرینکا نے گاندھی جینتی کے موقع پر منعقدہ اعزازی تقریب میں رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا، میونسپل چیئرپرسن کونڈا شویتا، ستیہ یادو، عوامی نمائندوں، عہدیداروں اور آنگن واڑی و آشا ورکرس سمیت خواتین فیلڈ اسٹاف کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلکٹر پرینکا نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے تصور کردہ گرام سوراج کو حقیقت میں بدلنے کے لیے دیہات کی ترقی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ دیہات ترقی کریں گے تو ہی ملک کی ہمہ گیر ترقی ممکن ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کو زمینی سطح پر عوام تک پہنچانے میں آنگن واڑی، آشا ورکرس اور دیگر فرنٹ لائن عملہ اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کی خدمات نہ صرف عوام میں سرکاری اسکیموں سے متعلق بیداری پیدا کرنے بلکہ ان کے فوائد مستحق افراد تک پہنچانے میں بھی اہم ہیں۔
کلکٹر نے کہا کہ آشا ورکرس حاملہ خواتین کو مسلسل طبی خدمات اور مشورے فراہم کرنے کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق آگاہی پیدا کر رہی ہیں۔ اسی طرح آنگن واڑی ورکرس خواتین اور بچوں کو غذائیت سے بھرپور غذا کی فراہمی اور صحت بخش خوراک سے متعلق شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
مستقبل کی نسلوں کی صحت اور بہبود زمینی سطح پر خدمات انجام دینے والے خواتین عملہ کی کوششوں سے وابستہ ہے۔ انہوں نے خواتین اور بچوں کی صحت، غذائیت اور فلاح و بہبود کے لیے خدمات انجام دینے والے تمام کارکنوں کی ستائش کی۔
کلکٹر پرینکا نےکم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے فیلڈ اسٹاف کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی، تاکہ نارائن پیٹ ضلع کو کم عمری کی شادیوں سے پاک ضلع بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر بیداری پروگرام منعقد کرنے کی بھی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں، عہدیداروں اور فیلڈ اسٹاف کے باہمی تعاون سے نارائن پیٹ ضلع کو ریاست کے تمام شعبوں میں مزید ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
اس تقریب میں میونسپل چیئرپرسن کونڈا شویتا ستیہ یادو، وائس چیئرپرسن منجولا، بی جے پی ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن رتنگ پانڈ ریڈی، ضلعی صدر ستیہ یادو، ڈی ڈبلیو او راجیندر گوڑ، ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او سڈاپا، بی جے پی مہیلا مورچہ کی ضلعی صدر ویملا، بی جے پی او بی سی مورچہ کے ریاستی نائب صدر رگھو رمیا گوڑ کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے اہم ریاستی و ضلعی عہدیداروں اور رہنماؤں نے شرکت کی۔
نارائن پیٹ: صحافیوں کیلئے کیش لیس ہیلتھ کارڈ جار ی کرنے کا مطالبہ، وزیر اعلیٰ کےنام پوسٹ کارڈ روانہ
ناشر سماجی خبریں



