2026-11-19

پولیس اہلکاروں کو معیار کے مطابق تفتیش، زیر التوا مقدمات کی جلد یکسوئی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت

نارائن پیٹ، 29 ستمبر:(سماج خبریں)نارائن پیٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کا ڈی ایس پی نلّاپو لنگیا نے معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر عملے کی پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے فرائض کی انجام دہی میں درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پر ڈی ایس پی نے عہدیداروں کو اپنے مسائل سے واقف کرانے کو کہا، تاکہ انہیں ایس پی کے علم میں لاکر حل کرنے کے اقدامات کیے جاسکیں گے۔

بعد ازاں ڈی ایس پی نے پولیس اسٹیشن میں مقدمات کی تفتیش، ریکارڈس کی دیکھ بھال، عملے کے فرائض، کرائم کی تفصیلات، زیر التوا مقدمات، مقدمات کی تفتیش میں پیش رفت، CCTNS میں مقدمات کا اندراج، بیٹ سسٹم اور عوامی شکایات کی وصولی سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی نلّاپو لنگیا نے افسران کو ہدایت دی کہ مقدمات کی تفتیش میں معیار کے اصولوں کی پابندی کریں اور سائنسی شواہد جمع کرتے ہوئے ہر کیس کی جامع تفتیش کریں۔ انہوں نے زیر التوا مقدمات کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیتے ہوئے انہیں جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی مقدمات میں متعلقہ حکام کے ساتھ بہتر تال میل قائم کرتے ہوئے مضبوط تفتیش کی جائے تاکہ ملزمین کو قانون کے مطابق سزا دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔

شکایت کنندگان کے ساتھ شائستہ رویہ اختیار کرنےکی ہدایت

ڈی ایس پی نے پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے والے شکایت کنندگان کے ساتھ شائستہ رویہ اختیار کرنے اور ان کے مسائل کے مؤثر حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں محکمہ پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو، اس کے لیے پولیس اہلکار ذمہ داری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔

معائنہ کے دوران پولیس اسٹیشن کے اطراف کی صفائی، سی سی کیمروں کی کارکردگی، ہتھیاروں، سرکاری املاک کی حفاظت اور ریکارڈس کی دیکھ بھال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی ایس پی نے پولیس عملے کو ڈیوٹی کے دوران نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور چوکس رہنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے علاقے میں امن و امان کی برقراری کے لیے مسلسل چوکس رہنے اور جرائم پر قابو پانے کے لیے بیٹ پولیسنگ نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ دیہی علاقوں میں عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔

سائبر جرائم پر شعور بیداری پر زور

ڈی ایس پی نے سائبر جرائم اور NDPS جرائم کے بارے میں عوام میں بڑے پیمانے پر شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ذاتی اور بینکنگ سے متعلق اہم معلومات کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ خواتین، بچوں اور معمر افراد کی سلامتی کو خصوصی ترجیح دینے کی بھی ہدایت دی۔

انہوں نے پولیس افسران اور عملے کو عوام کے ساتھ بہتر تعلقات برقرار رکھنے، شکایات پر فوری ردعمل ظاہر کرنے اور مؤثر پولیس خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ اہلکار اپنی ڈیوٹی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نارائن پیٹ پولیس اسٹیشن کے لیے نیک نامی کا باعث بنیں۔

سالانہ معائنہ کے دوران سی آئی شیوشنکر، ایس آئی وینکٹیشورلو، ایس آئی گایتری اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔

نارائن پیٹ: رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا کی موجودگی میں وندے ماترم گیت کا اہتمام.

رپورٹ: ایس پی دفتر پریس ریلیز
ناشر : سماجی خبریں

Related Post