اپوزیشن قائدین پر حقائق جانے بغیر عوام کو گمراہ کرنے کا لگایا الزام
حیدرآباد 22 ستمبر:(سماجی خبریں) :جورالہ پراجیکٹ سے پانی کی اجرائی کے مسئلہ کو بی آر ایس قائدین سیاسی رنگ دیتے ہوئے عوام اور کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں.حکومت پانی کی دستیابی، پینے کے پانی کی ضروریات اور آئندہ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سائنسی اور ذمہ دارانہ انداز میں فیصلے کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر برائے مویشی پالن، ڈیری ڈیولپمنٹ، ماہی گیری، یوتھ ویلفیر و اسپورٹس واکٹی سری ہری نے احاطہ اسمبلی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا.
اسمبلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ جورالہ کے پانی کے معاملہ میں حکومت کی مبینہ غفلت سے متعلق الزامات سیاسی مقاصد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ موسمی صورتحال، جنوبی ہند میں بارش کی صورتحال اور کرناٹک سے آنے والے پانی کے بہاؤ جیسے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو پانی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن ساتھ ہی عوام کی پینے کے پانی کی ضروریات کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ موجودہ ذخیرہ مکمل طور پر ایک ہی مرتبہ جاری کردینے سے آئندہ مہینوں میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہونے کا خطرہ ہے، اس لیے حکومت ذمہ داری کے ساتھ فیصلے کر رہی ہے۔
کرناٹک حکومت سے مسلسل رابطہ
وزیر وکٹی سری ہری نے بتایا کہ جورالہ پراجیکٹ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کرنے کے معاملہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی، متعلقہ وزراء اور متحدہ پالامورو ضلع کے عوامی نمائندے کرناٹک حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی پانی کا بہاؤ شروع ہوگا، کسانوں کی ضروریات کے مطابق مرحلہ وار پانی فراہم کرنے کے لیے حکومت تیار ہے۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ کسی قسم کی تشویش میں مبتلا نہ ہوں۔حکومت کسانوں کو حقیقی صورتحال سے واقف کراتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتی ہے
اس موقع پر وزیر نے بی آر ایس قائدین پر الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائدین جان بوجھ کر کسانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جورالہ کے بارے میں خوف و ہراس کیوں پیدا کیا جا رہا ہے؟
وزیر نے کہا کہ اپوزیشن قائدین جان بوجھ کر جورالہ ڈیم کو خطرہ لاحق ہونے، گیٹ کھولے جانے یا ڈیم کے نچلے علاقوں میں واقع دیہات کو خطرہ پیدا ہونے سے متعلق بیانات دے کر عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جورالہ پراجیکٹ ماضی میں بھی شدید سیلابی بہاؤ کا سامنا کرچکا ہے اور سابقہ تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ حکام پانی کے انتظام کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ ڈیم کی سلامتی کے معاملہ میں حکومت پوری طرح چوکس ہے۔ عوام میں خوف کا ماحول پیدا کرنا ناقابل قبول ہے۔
وکٹی سری ہری نے الزام لگایا کہ جورالہ میں موجود پانی کے ذخیرے کے بارے میں بی آر ایس قائدین الگ الگ اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہناگرکرنول، دیورکدرا، گدوال، کولہاپور اور نارائن پیٹ سمیت مختلف علاقوں کی پینے کے پانی کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔
وزیر نے کہا کہ پانی کے معاملہ میں سیاسی بیانات کے بجائے اعداد و شمار، سرکاری ریکارڈ اور حقائق کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے۔
سابقہ آبی فیصلوں پر بھی بی آر ایس جواب دے: وزیر
وزیر نے مطالبہ کیا کہ کرشنا آبی وسائل کے استعمال اور تقسیم سے متعلق سابقہ حکومتوں کی جانب سے کیے گئے فیصلوں پر بھی بی آر ایس قائدین عوام کو جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ 2015 میں کرشنا کے پانی کے استعمال سے متعلق مختلف حکومتوں کے درمیان ہونے والی بات چیت، تجاویز، معاہدوں اور سرکاری دستاویزات پر کھلے عام بحث کے لیے وہ تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کون سے وقت کس نے کیا فیصلہ کیا، کس نے کن دستاویزات پر دستخط کیے اور تلنگانہ کے مفادات کے معاملہ میں کس کا کیا موقف تھا، یہ تمام تفصیلات سرکاری ریکارڈ کی بنیاد پر عوام کے سامنے لائی جاسکتی ہیں۔
وزیر نے الزام عائد کیا کہ سابقہ فیصلوں کو نظرانداز کرتے ہوئے بی آر ایس قائدین اب خود کو کسانوں کے واحد محافظ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔
کانگریس حکومت کی ترجیح کسانوں کے مفادات
وزیر نے جورالہ اور ناگرجنا ساگر جیسے آبپاشی منصوبوں کی تعمیر و ترقی میں کانگریس حکومتوں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عوامی حکومت کسانوں کے مفادات کو مرکز میں رکھتے ہوئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کا تحفظ، ان کی فصلوں کو پانی فراہم کرنا اور پالامورو کے کسانوں کے ساتھ ناانصافی نہ ہونے دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت موجودہ پانی کی دستیابی، آئندہ متوقع پانی کے بہاؤ، پینے کے پانی اور آبپاشی کی ضروریات کے درمیان توازن قائم کرتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے۔
عوام کو خوفزدہ کرنا قیادت نہیں
انہوں نے بی آر ایس قائدین سے اپیل کی کہ وہ سیاسی ہنگامہ آرائی کو ترک کرتے ہوئے کسانوں کے مفاد میں تعمیری تجاویز پیش کریں۔ وزیر نے کہا کہ کسانوں کو مشتعل کرنے کے بجائے انہیں حوصلہ دینا چاہیے، پانی پر سیاست کے بجائے پانی کے مستقل حل کے لیے کام کرنا چاہیے اور جُورالہ کے بارے میں خوف پیدا کرنے کے بجائے عوام کو حقیقی صورتحال سے واقف کرانا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پالامورو کے کسانوں کے مفادات کے معاملہ میں عوامی حکومت کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی اور دستیاب پانی کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے کسانوں کو درکار آبپاشی کا پانی فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
رپورٹ: پریس نوٹ
ناشر: سماجی خبریں

