2026-11-19

مسلم رہنماؤں اور مظاہرین کو دہلی پولیس نے حراست میں لیا

نئی دہلی، 29 ستمبر:(سماجی خبریں)مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کے خلاف مبینہ کارروائیوں اور انہدام کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نئی دہلی کے جنتر منتر پر ایک بڑے عوامی احتجاج کا انعقاد عمل میں آیا۔ مانیٹرنگ کمیٹی آف انڈین مسلمز کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاج میں مختلف مسلم تنظیموں کے نمائندوں، سماجی کارکنوں، وکلاء، شہریوں اور مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

احتجاج میں مساجد، گرجا گھروں اور دیگر عبادت گاہوں کے خلاف کارروائیوں پر تشویش ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں آئینی حقوق، جمہوری اداروں اور سماجی انصاف سے متعلق امور بھی اٹھائے گئے۔

پریس ریلیز کے مطابق، جنتر منتر پر احتجاج کے دوران دہلی پولیس نے متعدد مذہبی و سماجی رہنماؤں اور مظاہرین کو حراست میں لیا۔ حراست میں لیے جانے والوں میں لوک سبھا رکن پارلیمنٹ اقرا حسن، محب اللہ ندوی، ضیاء الرحمٰن برق، جماعتِ اسلامی ہند کے نائب صدر ملک معتصم خان، SIO کے قومی صدر عبدالحفیظ سمیت کئی دیگر کمیونٹی رہنما، طلبہ، کارکنان اور شہری شامل ہیں۔ انہیں دہلی پولیس مختلف پولیس اسٹیشنوں میں لے گئی۔

قانون کی حکمرانی پر سنجیدہ سوال: سید سعادت اللہ حسینی

جماعتِ اسلامی ہند کے صدر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ معاملہ صرف کسی ایک مسجد یا ایک برادری تک محدود نہیں ہے۔ جب کسی عبادت گاہ کو قانونی اور آئینی حقوق کے مناسب تحفظ کے بغیر منہدم کیا جاتا ہے یا اس کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے تو یہ قانون کی حکمرانی سے متعلق سنجیدہ سوالات پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مساجد اور گرجا گھروں کو منتخب طور پر نشانہ بنانا فرقہ وارانہ محرکات پر مبنی ہے اور یہ ملک کی تہذیب و ثقافت کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ انہوں نے احتجاج کے دوران پولیس کی کارروائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین مساجد اور دیگر عبادت گاہوں سے متعلق انہدام اور کارروائیوں کے خلاف قانونی طور پر اپنے خدشات پیش کر رہے تھے، لیکن انہیں پُرامن طور پر اپنی بات رکھنے کا موقع دینے کے بجائے کمیونٹی رہنماؤں اور مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔

سید سعادت اللہ حسینی نے پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے جواب دہی کا مطالبہ کیا۔

پر امن جمہوری احتجاج بنیادی حق ہے.


سابق رکن پارلیمنٹ اور IMCR کے صدر نے کہا کہ احتجاجی پروگرام کے بارے میں حکام کو پہلے ہی اطلاع دی گئی تھی اور منتظمین پُرامن احتجاج کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اپنے خدشات پیش کرنے سے روکنا اور کمیونٹی رہنماؤں کو حراست میں لینا تشویش ناک ہے۔ ان کے مطابق پُرامن جمہوری احتجاج بنیادی حق ہے اور حکام کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔

لوک سبھا رکن پارلیمنٹ اقرا حسن نے کہا کہ پُرامن عوامی احتجاج کو خطرے کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ شہریوں کو ایک جگہ جمع ہوکر اپنے خدشات پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔ ان کے مطابق حکام کو لوگوں کو بولنے سے روکنے کے بجائے ان کی بات سننی چاہیے۔

منتظمین نے کہا کہ مجوزہ احتجاج صرف مسلمانوں سے متعلق مسائل تک محدود نہیں تھا۔ مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد مذہبی مقامات پر مبینہ حملوں اور انہدام کے واقعات کے ساتھ ساتھ ملک کے وسیع تر سماجی و سیاسی مسائل پر تشویش ظاہر کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

پریس ریلیز کے مطابق احتجاج کے دوران اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR)، الیکشن کمیشن کے مجموعی طریقۂ کار، نوجوانوں اور سماج سے متعلق مختلف مسائل کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی گئی۔

منتظمین نے کہا کہ پولیس کی کارروائی اس لیے بھی تشویش کا باعث ہے کیونکہ مجوزہ پروگرام کے بارے میں حکام کو پہلے ہی اطلاع دی جا چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ پلیٹ فارم آئینی حقوق، مذہبی آزادی، جمہوری جواب دہی اور سماجی انصاف سے متعلق مسائل کو پُرامن اور قانونی ذرائع سے اٹھاتا رہے گا۔

دی انڈین ایکسپرس کی رپورٹ پراپوزیشن قائدین کا چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی گرفتاری کا مطالبہ

ناشر : سماجی خبریں
عصمت دری کے مقدمات، بڑھتی زیر التوا فائلیں اور ایک رکا ہوا نظام

Related Post