بدھ. ستمبر 2nd, 2026

نارائن پیٹ سرکاری اسپتال میں حالیہ دنوں میں ہونے والے اموات پر تحقیقات کا آغاز

حیدرآباد کے نیلوفر اسپتال سے ماہر ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نارائن پیٹ پہنچ کر تحقیقات میں مصروف

نارائن پیٹ یکم ستمبر(سماجی خبریں): نارائن پیٹ سرکاری اسپتال میں حالیہ دنوں مسلسل پیش آنے والے اموات کے واقعات پر حکومت نے فوری ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعات کی حقیقت سامنے لانے اور اموات کے اسباب کا پتہ چلانے کے لیے حیدرآباد کے نیلوفر اسپتال سے ماہر ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم نارائن پیٹ روانہ کی گئی ہے۔

تحقیقاتی ٹیم میں ڈاکٹر بابوراؤ سرجن ماہر اظفال اور ڈاکٹر کویتا پیڈیاٹرک پروفیسر شامل ہیں۔ دونوں ماہرین حیدرآباد کے نیلوفر اسپتال سے وابستہ بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر ہیں۔

خصوصی طبی ٹیم نے نارائن پیٹ سرکاری اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کے. سمپت کمار سنگھ، ای این ٹی ماہر کی موجودگی میں تحقیقات کا آغاز کیا۔ ٹیم نے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، مریضوں کو دی جانے والی طبی خدمات و علاج کی تفصیلات اور حالیہ اموات کا باعث بننے والے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

تحقیقاتی ٹیم اپنی جانچ مکمل کرنے کے بعد اس سلسلے میں ایک جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔ حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ خصوصی طبی ٹیم کی رپورٹ کی بنیاد پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

نارائن پیٹ سرکاری اسپتال میں مسلسل اموات کے واقعات کے پس منظر میں حکومت کی جانب سے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کے ذریعے تحقیقات شروع کیے جانے سے ان واقعات کی اصل وجوہات سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے