نارائن پیٹ، 10 ستمبر: ضلع کلکٹر سی۔ایچ۔ پرینکا نے نارائن پیٹ نرسنگ کالج اور ہاسٹل کے تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ کلکٹر نے جمعرات کو نرسنگ کالج اور ہاسٹل کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کالج کی صورتحال اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
بعد ازاں انہوں نے کچن اور ڈائننگ ہال کا بھی معائنہ کیا اور کالج کی کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو 10 دن کے اندر تمام کام مکمل کرکے عمارتیں حوالے کرنے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر میڈیکل کالج کے پرنسپل سمپت اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔
"’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ اسکیم کے تحت منعقدہ پروگرام سے ضلع کلکٹر کا خطاب

نارائن پیٹ، 10 ستمبر: ضلع کلکٹر سی۔ایچ۔ پرینکا نے کہا کہ نارائن پیٹ ضلع کوبچوں کی مزدوری اور کم عمری کی شادیوں سے پاک ضلع بنانے کے لیے سب کو متحد ہوکر کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے لڑکیوں پر زور دیا کہ وہ ہنر مندی کی تربیت حاصل کرتے ہوئے معاشی طور پر خودمختار بنیں اور اعلیٰ تعلیم کے ذریعے زندگی میں نمایاں مقام حاصل کریں۔
محکمہ خواتین و اطفال بہبود اور ضلع خواتین بااختیاری مرکز کے زیر اہتمام ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ اسکیم کے تحت مفت کمپیوٹر تربیت مکمل کرنے والے امیدواروں کے لیے کلکٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں کلکٹر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور45 امیدواروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔
اس موقع پر کلکٹر پرینکا نے کہا کہ کمپیوٹر کا علم حاصل کرکے لڑکیاں آن لائن کاروبار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے لڑکیوں کو ڈگری کی تعلیم مکمل کرکے روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرنے کی بھی ترغیب دی۔
ضلع بہبود افسر و اسپیشل ڈپٹی کلکٹر راجیندر گوڑ نے ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ صنفی امتیاز سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع دیہی ترقیاتی افسر وینکٹ رامولو نے ’سنیہا گروپس‘ کے مقاصد بیان کرتے ہوئے لڑکیوں کو تنظیمیں قائم کرکے متحد ہونے اور بااختیاری حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔
تقریب میں ڈی پی آر او رشید، ضلع خواتین بااختیاری مرکز کے کوآرڈینیٹر نرسمہلو، جینڈر ،انیتا اور نرسیمولو، تربیتی مراکز کے منیجنگ ڈائریکٹرس وینکٹیش، پٹیل انجنیلو اور سرینواس، محکمہ اطفال بہبود کے عہدیداران، تربیت مکمل کرنے والے امیدواروں سمیت دیگر نے شرکت کی۔

