زہریلے دھوئیں اور ناقابلِ برداشت بدبو سے نجات کا مطالبہ، تمام سیاسی جماعتیں احتجاج میں شریک
محبوب نگر، 11 ستمبر (رپورٹ: فرید صدیقی): محبوب نگر بلدیہ کے تحت ویرنا پیٹ کے قریب واقع ڈمپنگ یارڈ سے اٹھنے والے زہریلے دھوئیں اور ناقابلِ برداشت بدبو کے خلاف عوامی احتجاج کیا گیا۔ صبح تقریباً 10 بجے ویرنا پیٹ بائی پاس روڈ پر منعقدہ احتجاجی دھرنے میں بڑی تعداد میں مقامی شہریوں کے علاوہ کانگریس، بی آر ایس، مجلس (AIMIM) اور بی جے پی کے مقامی قائدین نے بھی شرکت کی۔
مظاہرین نے بائی پاس روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ڈمپنگ یارڈ کو فوری طور پر آبادی سے دور منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ کچرے کے بڑے ڈھیروں میں آگ لگنے سے مسلسل کالا دھواں اور شدید بدبو پھیل رہی ہے، جس سے ویرنا پیٹ کے علاوہ خلیل چوک، ایکس روڈ، فائر اسٹیشن اور اطراف کے علاقوں کے عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی افراد نے الزام عائد کیا کہ دھوئیں اور آلودہ ہوا کے باعث بالخصوص بچوں کو صحت سے متعلق مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق کئی افراد کھانسی، گلے میں تکلیف، الٹی اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت کر رہے ہیں۔
احتجاج کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور مقامی کارپوریٹر نے ڈمپنگ یارڈ اور اطراف کے علاقوں کا معائنہ کیا۔ قائدین نے کہا کہ عوام کو زہریلے دھوئیں اور بدبو سے مستقل نجات دلانے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
مقامی شہریوں کے مطابق، ڈمپنگ یارڈ قائم کیے جانے کے وقت یہ علاقہ شہر سے باہر اور غیر آباد تھا، تاہم گزشتہ برسوں کے دوران ویرنا پیٹ، خلیل چوک، ایکس روڈ اور بائی پاس کے اطراف گنجان آبادیاں قائم ہوچکی ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ آبادی کے قریب کچرے کے جمع ہونے اور جلنے کے مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے۔
عوام اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ریاستی حکومت، ضلع انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ ڈمپنگ یارڈ کو آبادی سے دور منتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کو آلودگی سے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔

