تلنگانہ پروگریسیو گرام پنچایت ورکرز یونین کی جانب سے دھنوڑہ منڈل ایم پی ڈی او دفتر کے سینئر اسسٹنٹ کو ایک تحریری یاداشت پیش
نارائن پیٹ22/ستمبر(سماجی خبریں): تلنگانہ پروگریسیو گرام پنچایت ورکرز یونین (ملحقہ ٹی یو سی آئی ) کے ضلعی سکریٹری بوین پلی رامو نے دھنوڑہ منڈل ایم پی ڈی او دفتر کے سینئر اسسٹنٹ کو ایک تحریری یاداشت پیش کرتے ہوئے گرام پنچایت ملازمین کی بقایا تنخواہوں کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کارکن محض9500 روپے کی قلیل تنخواہ پر دن رات چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں، مگر یہ بھی ہر مہینے باقاعدگی سے نہیں دی جارہی۔سابقہ دو مہینوں کی تنخواہیں بقایا ہیں اور موجودہ مہینے کے ساتھ یہ تین مہینے ہوچکے ہیں۔ اس وجہ سے کارکنوں کے خاندان شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور اس دسہرہ تہوار پر انہیں فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے تین مرتبہ آدھار کارڈ اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات لے کر وعدہ کیا تھا کہ تنخواہیں براہِ راست کھاتوں میں منتقل کی جائیں گی، لیکن آج تک اصل تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا: "انتخابات سے قبل لیڈران نے مزدوروں کو خدا سمجھ کر جھک جھک کر منتیں کیں، مگر اقتدار میں آتے ہی انہیں نظرانداز کردیا گیا۔ اگر حکومت کو واقعی ان کارکنوں سے محبت ہے جو ریاست کی صفائی کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں تو اسے چاہیے کہ کم از کم دو ماہ کی بقایا تنخواہیں اس دسہرہ کے موقع پر فوراً جاری کرے۔ بصورتِ دیگر ضلع بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔”
اس پروگرام میں یونین قائدین و کارکنوں میں اُدے بھانو، بی بالاکرشنا، عمران احمد، لکشمن، صدام، راجو، حسین، بالاسوامی، پی نرسمولو، بھانو، وینکٹ رامولو، رمیش، بالماں، تیرمالماں، پلوّی، نرنجن، بی۔ بالیا، پی۔ بالیا اور دیگر شامل تھے۔