دونوں طبقات باہمی تعاون سے تہوار پُرامن ماحول میں منانے کی اپیل: ڈی ایس پی نلّاپو لنگیا
نارائن پیٹ، 12 ستمبر: نارائن پیٹ ضلع مستقر پر حضرت سید شاہ تقی بابا سبز پوش قادری (رح) درگاہ کے عرس اور گنیش تہوار ایک ہی وقت میں منعقد ہونے کے پیش نظر ڈی ایس پی نلّاپو لنگیا نے دونوں طبقات کے عوام سے باہمی تعاون اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ تہواروں کو پُرامن ماحول میں منانے کی اپیل کی ہے۔
تقی بابا درگاہ کے عرس کے انتظامات کے سلسلے میں ڈی ایس پی نلّاپو لنگیا نے نارائن پیٹ ٹاؤن سی آئی شیوشنکر اور ایس آئی وینکٹیشورلو کے ہمراہ مسلم قائدین جن میں قابلِ ذکر جناب محمد نواز موسیٰ، دستگیر چاند، امیر الدین ایڈوکیٹ، عبدالسلیم ایڈوکیٹ کے ساتھ درگاہ کے اطراف، باہرپیٹ، گڈ لک کمان اور جامع مسجد سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پولیس بندوبست کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی نے کہا کہ 24 ستمبر کو گنیش وسرجن کے ساتھ تقی بابا درگاہ کے عرس میں قوالی، زیارت، دعاؤں اور سندل سمیت مختلف مذہبی پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔ عوام کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے پولیس کی جانب سے وسیع اور مؤثر حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گنیش تہوار اور تقی بابا درگاہ کے عرس کو مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی علامت بناتے ہوئے پُرامن ماحول میں منائیں۔ عوام صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، افواہوں پر یقین نہ کریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس سے تعاون کریں۔
ڈی ایس پی نلّاپو لنگیا نے واضح کیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے پولیس افسران اور عملہ مسلسل چوکس رہے گا۔ حساس علاقوں میں خصوصی نگرانی کا انتظام کیا گیا ہے اور امن و امان میں خلل ڈالنے والی کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مسلم مذہبی عمائدین کے ساتھ امن اجلاس

قبل ازیں نارائن پیٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں سی آئی شیوشنکر اور ایس آئی وینکٹیشورلو کی نگرانی میں مسلم مذہبی عمائدین کے ساتھ امن اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں عرس کو پُرامن انداز میں منعقد کرنے کے لیے پولیس محکمہ سے مکمل تعاون کرنے اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے تہوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی۔
نارائن پیٹ کی صباء سلطانہ عالمی تعلیمی مشن کا حصہ، 26 ستمبر کو فن لینڈ روانگی

