ضلع میں شوبھا یاترا کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت
نارائن پیٹ 15 ستمبر (سماجی خبریں): ضلع نارائن پیٹ میں گنیش وسرجن کے پروگراموں کو پُرامن اور محفوظ طریقے سے منعقد کرنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت نے پولیس حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔
ایس پی دفتر کے کانفرنس ہال میں گنیش وسرجن (شوبھا یاترا) کے سلسلے میں پولیس حکام کے ساتھ خصوصی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر ایس پی نےپولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 1,509 گنیش کی مورتیوں کی تنصیب کی گئی ہے، جبکہ زیادہ تر وسرجن تنصیب کے تیسرے، پانچویں، ساتویں، نویں اور گیارہویں دن ہونے کا امکان ہے۔ اس لیے پولیس حکام کو چوکسی اختیار کرنی چاہئے۔
ضلع میں ڈی جے استعمال پر پابندی
ایس پی نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں ڈی جے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کیلئے ڈی جے مالکان کو پیشگی پابند کیا جائے۔ انہوں نے دیگر اضلاع اور کرناٹک سے ڈی جے آمد و رفت پر نظر رکھنے کے لیے چیک پوسٹس قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اگر کوئی شخص امن و امان میں خلل پیدا کرنے کی کوشش کرے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ ساتھ ہی روڈی شیٹرز، کمیونل شیٹرز اور مشتبہ افراد پر خصوصی نظر رکھی جائے۔
تالابوں کے پاس تمام ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کونڈاریڈی پلی تالاب، دریائے کرشنا، جُورالا ڈیم، مکتھل ٹینک بنڈ، کوئل ساگر اور دیگر وسرجن مقامات پر پیشگی تمام انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ تالابوں کے پاس کرینیں، روشنی کا انتظام، لائف جیکٹس، ماہر غوطہ خور، فائر عملہ اور ٹارچ لائٹس دستیاب رکھنے کے ساتھ شوبھا یاترا کے راستوں پر سی سی کیمرے، ویڈیو گرافی اور ٹریفک ڈائیورژن کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔
بزرگوں کو پانی کے مقامات پر جانے سے روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کرنے۔ شراب پی کر گاڑی چلانے والوں پر خصوصی نظر رکھنے اور وسرجن مکمل ہونے تک پولیس اہلکار پوری طرح چوکس رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ فیس بک، واٹس ایپ، ٹوئٹر اور انسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مکمل نظر رکھنے پر زور دیا گیا۔

شرکاء
اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی ریاض الحق، ڈی ایس پیز مہیش، نلاپو لنگیا، سی آئیز شیوشنکر، رام لال، بھگوت ریڈی، سعیدولو، آر آئی وجے بھاسکر، ایس آئیز بھاگیہ لکشمی ریڈی، وینکٹیشورلو، ستیش ریڈی، نریش، راجو، رمیش، اشوک بابو، ایس ایم نوید، مہیشوری، رام لال، وجے کمار، چندر شیکھر، پرشوتم، شیوشنکر، شویتا، شیریشا، شیویّا، سرینواسولو، پون اور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
حضرت سید شاہ تقی بابا درگاہ کے عرس اور گنیشن جلوس کے پیش نظر پولیس کے سخت انتظامات ۔

