2026-09-16

تلنگانہ کی ترقی میں آغا خان فاؤنڈیشن مزید تعاون کرے: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی

حیدرآباد 15ستمبر(سماجی خبریں): تلنگانہ کے چیف منسٹر اے۔ ریونت ریڈی نے ریاستی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی پروگراموں میں آغا خان فاؤنڈیشن سے مزید تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تعلیم، سیاحت اور طبی شعبوں میں فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔

بھارت کے دورے پر موجود آغا خان فاؤنڈیشن کے چیئرمین ہز ہائنس پرنس رحیم آغا خان پنجم کے حیدرآباد پہنچنے کے موقع پر چیف منسٹر نے ان سے تاج فلک نما پیلس میں ملاقات کی۔ اس دوران چیف منسٹر نے تلنگانہ میں آغا خان فاؤنڈیشن کے تعاون سے انجام دیے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکر کیا اور فاؤنڈیشن کے لیے اپنی گہری قدر و احترام کا اظہار کیا۔ انہوں نے حیدرآباد کے ساتھ آغا خان خاندان کے دیرینہ تعلقات کو بھی یاد کیا۔

چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کے ورثے کے تحفظ اور تاریخی عمارتوں کی بحالی میں آغا خان فاؤنڈیشن اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ فاؤنڈیشن کے تعاون سے حال ہی میں قانون ساز کونسل کی عمارت کی تزئین و بحالی کے علاوہ شہر کے قطب شاہی مقبروں کی بھی بحالی عمل میں لائی گئی ہے۔

حیدرآباد کی ازسرنو ترقی کے سلسلے میں چیف منسٹر نے موسیٰ ندی کی بحالی کے منصوبے سے متعلق حکومت کی تیار کردہ منصوبہ بندی سے پرنس رحیم آغا خان کو واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ موسیٰ ندی کے کنارے نائٹ اکانومی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی سمت میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے موسیٰ ندی کے اطراف واقع تاریخی سٹی کالج اور عثمانیہ اسپتال کی عمارتوں کی بحالی میں فاؤنڈیشن سے تعاون کی اپیل کی۔

چیف منسٹر نے بتایا کہ عثمانیہ اسپتال کے لیے گوشہ محل میں نئی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے، جبکہ موجودہ عثمانیہ اسپتال کی عمارت کو تاریخی ورثے کے طور پر ترقی دینے کا حکومت کا ارادہ ہے۔

چیف منسٹر نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کو 7 تا 9 دسمبر تین روزہ انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی، جو بھارت فیوچر سٹی میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سمٹ میں 100 سے زائد ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔

پرنس آغا خان پنجم نے فیوچر سٹی کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی اہمیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 30 ہزار ایکڑ اراضی پر جدید ترین سہولتوں کے ساتھ فیوچر سٹی تعمیر کی جا رہی ہے۔ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تقریباً 20 منٹ کی مسافت پر واقع یہ فیوچر سٹی مکمل طور پر نیٹ زیرو سٹی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ سنگاپور کی ایک کمپنی فیوچر سٹی کا ماسٹر پلان تیار کر رہی ہے، جس میں تقریباً 15 ہزار ایکڑ اراضی پر گرین زون قائم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایمیزون جیسی کمپنیوں نے فیوچر سٹی میں اپنی سرگرمیاں شروع کردی ہیں اور تلنگانہ حکومت 2047 تک ملک کی مجموعی جی ڈی پی میں ریاست کا حصہ 10 فیصد تک بڑھانے کے ہدف کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

چیف منسٹر کے مشیر کے۔ رام کرشنا راؤ نے حالیہ برطانیہ اور امریکہ کے دوروں کے دوران تلنگانہ حکومت کی جانب سے عالمی سطح کی مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی تفصیلات پرنس رحیم آغا خان پنجم سے شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہارورڈ یونیورسٹی، لندن اسکول آف بزنس اور دیگر یونیورسٹیوں نے حیدرآباد میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

ریاستی محکمہ تعلیم کی پرنسپل سکریٹری یوگیتا رانا نے فیوچر سٹی میں آغا خان یونیورسٹی کے قیام کی درخواست کی۔ اسپیشل چیف سکریٹری وانی پرساد نے سیاحت کے شعبے میں آغا خان فاؤنڈیشن کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے مستقبل میں مزید تعاون کی اپیل کی۔

اجلاس میں وزیر محمد اظہرالدین، چیف سکریٹری حکومت سنجے جاجو کے علاوہ اعلیٰ عہدیداران اور آغا خان فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

برکس میں مودی، پوتن اور پزشکیان مقامی کرنسیوں، آزاد تجارت اور محفوظ تجارتی راستوں پر زور

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے