ہنس گُل میں دوسرا سالانہ عظیم الشان جلسۂ میلادالنبی ﷺ؛ جامعہ نظامیہ کے علماء کا سیرتِ طیبہ، اخلاقِ نبوی ﷺ اور دینی تربیت پر خطاب
بچکنڈہ (ضلع کاماریڈی)، 28 اگست: جامع مسجد ہنس گُل، منڈل بچکنڈہ، ضلع کاماریڈی میں دوسرا سالانہ عظیم الشان جلسۂ میلادالنبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام اور روحانی ماحول میں منعقد ہوا۔ جلسے میں جامعہ نظامیہ کے ممتاز علماء و مشائخ نے قرآنِ کریم، احادیثِ نبویہ ﷺ اور سیرتِ طیبہ کی روشنی میں حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت، فضائل و شمائل، اخلاقِ کریمانہ اور تعلیماتِ نبوی ﷺ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
جلسے کا آغاز حضرت مولانا حافظ محمد انوار نظامی، فارغ التحصیل جامعہ نظامیہ و امام و خطیب جامع مسجد، کی تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمدۃ الحکمت حضرت علامہ الحاج سید شاہ نعمت اللہ قادری، صدر مؤدب جامعہ نظامیہ اور بانی مدرسہ عربیہ انوارالعلوم، بھوانی نگر حیدرآباد، نے کہا کہ حضور رحمتِ عالم ﷺ کی سیرتِ پاک پوری انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے اور مسلمانوں کی حقیقی کامیابی اتباعِ رسول ﷺ میں مضمر ہے۔
انہوں نے محبتِ رسول ﷺ کو ایمان کا بنیادی تقاضا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی جان و مال، اہل و عیال اور تمام دنیاوی تعلقات سے بڑھ کر حضور اکرم ﷺ سے محبت رکھے۔ تاہم سچی محبت محض زبانی دعوے کا نام نہیں بلکہ اطاعتِ رسول ﷺ، تعظیم و ادب، اتباعِ سنت اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کا نام ہے۔
علامہ نعمت اللہ قادری : حضور اکرم ﷺ کی محبت، اہلِ بیتِ اطہار سے عقیدت اور قرآنِ کریم کی تعلیم کا شوق پیدا کریں
علامہ نعمت اللہ قادری نے کہا کہ موجودہ دور میں نئی نسل کو سیرتِ مصطفیٰ ﷺ، قرآنِ کریم اور اسلامی اخلاق و اقدار سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد میں حضور اکرم ﷺ کی محبت، اہلِ بیتِ اطہار سے عقیدت اور قرآنِ کریم کی تعلیم کا شوق پیدا کریں۔
انہوں نے ہنس گُل کی علمی و دینی روایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ متعدد جید علماء اور مشائخ سے وابستہ رہا ہے۔ انہوں نے مقامی مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ اپنے بچوں کو حفظِ قرآن اور دینی تعلیم کے لیے جامعہ نظامیہ سے وابستہ کرنے کی کوشش کریں۔
مولانا حافظ محمد عقیل نعمتی قادری، مولوی کامل جامعہ نظامیہ، نے اپنے خطاب میں میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی اہمیت، حضور اکرم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ، رحمت و شفقت، عدل و انصاف اور امتِ مسلمہ کے ساتھ آپ ﷺ کی بے مثال خیرخواہی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ میلادالنبی ﷺ کا مقصد صرف محفل کا انعقاد نہیں بلکہ سیرتِ طیبہ کو اپنی زندگی، معاملات، اخلاق اور معاشرت کا حصہ بنانا ہے۔
اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی:میلادالنبی ﷺ اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کے تذکرے کا موقع ہے
اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی، جنرل سکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلادالنبی ﷺ اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کے تذکرے کا موقع ہے جس کے ذریعے انسانیت کو خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذاتِ اقدس سے فیض یاب ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ آپ ﷺ کی بعثت سے توحید و رسالت کا پیغام عام ہوا اور انسانیت کو عقیدہ، عبادت، اخلاق، معاشرت اور عدل و انصاف کا جامع نظام ملا۔
انہوں نے رسولِ اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صحیح احادیث سے پیر کے دن آپ ﷺ کی ولادت ثابت ہے۔ انہوں نے حضرت ابو قتادہ انصاری رضی اللہ عنہ سے مروی صحیح مسلم کی حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے پیر کے روزے کے بارے میں فرمایا کہ یہ وہ دن ہے جس میں آپ ﷺ کی ولادت ہوئی اور اسی دن آپ ﷺ پر وحی نازل ہوئی۔
مولانا محسن پاشاہ نقشبندی: حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کا ہر لمحہ امت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے
مولانا محسن پاشاہ نقشبندی نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول اور عام الفیل کے بارے میں اہلِ سیرت میں اتفاق پایا جاتا ہے، تاہم تاریخِ ولادت کے تعین میں متعدد اقوال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول مشہور قول ہے، جبکہ بعض محققین نے 8 یا 9 ربیع الاول کو ترجیح دی ہے۔ اسی طرح وصالِ اقدس کے بارے میں پیر کے دن، ماہِ ربیع الاول اور 11 ہجری پر اتفاق پایا جاتا ہے، البتہ تاریخ کے تعین میں مختلف اقوال موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کا ہر لمحہ امت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو بندگی، محبت، اخوت، عدل، عفو و درگزر اور حسنِ معاشرت کا درس دیا۔ اس لیے میلادالنبی ﷺ کا حقیقی پیغام یہی ہے کہ مسلمان محبتِ رسول ﷺ کے ساتھ آپ ﷺ کی سنتِ مبارکہ کو اپنی زندگی کا عملی دستور بنائیں۔
مقررین نے قرآنِ کریم کی آیت لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللّٰهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ گرامی امت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ قرآنِ کریم نے آپ ﷺ کے اخلاقِ عظیم کو وَإِنَّكَ لَعَلَىٰ خُلُقٍ عَظِيمٍ کے الفاظ میں بیان فرمایا ہے، لہٰذا سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کا مطالعہ اور اس پر عمل ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
نارائن پیٹ میں میلاد النبی ﷺ کا پُروقار جلوس کا انعقاد، ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت

