اتوار. اگست 30th, 2026

مکتھل میں 53 سالہ خاتون سے عصمت دری، دو ملزمین گرفتار

ملزمین کوعدالتی تحویل میں روان کیا گیا، ڈی ایس پی مہیش کی مکتھل میں پریس کانفرنس

مکتھل: نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل پولیس اسٹیشن حدود میں 53 سالہ خاتون کے ساتھ مبینہ عصمت دری کے معاملے میں پولیس نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کرلیا اور انہیں عدالتی تحویل میں روانہ کردیا۔ یہ اطلاع ڈی ایس پی مہیش نے مکتھل پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران دی۔

پولیس کے مطابق اس واقعہ کے سلسلے میں مکتھل پولیس اسٹیشن میں FIR نمبر 342/2026 کے تحت دفعہ 70(1) BNS میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو تحفظ فراہم کیا اور اسے مکتھل سرکاری اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی۔ خاتون ایس آئی نے متاثرہ کا بیان بھی قلمبند کیا۔

ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت، IPS کی ہدایات پر پولیس نے تحقیقات میں تیزی لاتے ہوئے ملزمین کی شناخت کی اور انہیں حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزمین کی شناخت مکتھل سے تعلق رکھنے والے بویا ارویند (19) اور بویا وجئے (19) کے طور پر کی گئی ہے۔ ڈی ایس پی مہیش نے بتایا کہ دونوں کو گرفتار کرنے کے بعد قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی مہیش نے کیس کو جلد حل کرنے اور ملزمین کو گرفتار کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر مکتھل سی آئی رام لال، ایس آئی راجو اور دیگر پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔

اس موقع پر ڈی ایس پی مہیش نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ ضلع پولیس خواتین کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور متاثرہ خاتون کو ضرورت کے مطابق تمام ممکنہ پولیس مدد فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ کیس میں مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے