جمعرات. اگست 27th, 2026

حیدرآباد-وجے واڑہ ہائی وے پر ہولناک حادثہ، 6 افراد ہلاک، 20 زخمی

حیدرآباد 26 اگست(سماجی خبریں): تلنگانہ کے سوریا پیٹ ضلع میں حیدرآباد-وجے واڑہ قومی شاہراہ پر بدھ کی صبح ایک پرائیویٹ ٹریول بس اور لاری کے درمیان خوفناک تصادم میں 6 افراد ہلاک جبکہ 20 دیگر زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں پانچ خواتین شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 5 بجے دورکنٹہ کے قریب پیش آیا۔

دھاتی کھمبوں سے لدی ایک لاری سوریا پیٹ سے وجے واڑہ کی جانب جارہی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ لاری ڈرائیور ایک بس کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کے دوران تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور لاری سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر اس پر چڑھ گئی۔

لاری کا کچھ حصہ ڈیوائیڈر پر جبکہ باقی حصہ سڑک پر موجود تھا۔ حادثے کے چند منٹ بعد حیدرآباد سے آندھرا پردیش کے ایلورو جانے والی پرائیویٹ بس وہاں پہنچی۔

پولیس کے مطابق بس ڈرائیور مبینہ طور پر سڑک پر موجود لاری کو بروقت دیکھ نہیں سکا اور تیز رفتاری سے لاری کے پچھلے حصے سے جا ٹکرایا۔

تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کا دایاں حصہ بری طرح تباہ ہوگیا اور متعدد مسافر گاڑی کے اندر پھنس گئے۔

حادثے کے فوراً بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ زخمی مسافر مدد کے لیے پکارنے لگے، جبکہ بعض افراد کھڑکیوں کے ذریعے بس سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

راہ گیروں اور مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو بس سے باہر نکالا اور انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق حادثے کے وقت بس میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے۔ حادثے کے باعث قومی شاہراہ پر کچھ دیر تک ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات اور دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی ذمہ داری کے بارے میں مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے