نئی دہلی 11ستمبر(سماجی خبریں):روس کے صدر ولادیمیر پوتن برکس سربراہی اجلاس 2026 میں شرکت کے لیے ہندوستان پہنچ گئے ہیں۔پوتن جمعہ کو دہلی کے پالم ایئر فورس اسٹیشن پہنچے۔ ان کی آمد پر وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے ان کا استقبال کیا۔ روسی صدر ولادی میر پوتن کا قافلہ ایئرپورٹ سے روانہ ہوا۔
پوتن کے دورے کے لیے دارالحکومت میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ وہ برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنما دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ گزشتہ نو مہینوں میں پوتن کا یہ دوسرا دورہ ہندوستان ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 5 دسمبر 2025 کو ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔
پوتن کی دہلی آمد سے قبل سیکورٹی ایجنسیوں نے تیاریاں مکمل کر لی تھیں۔ ہوائی اڈے سے ہوٹل اور پھر’ بھارت منڈپم’ تک ان کے راستے پر خصوصی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ برکس سربراہی اجلاس 12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی میں ہونے والا ہے۔ جس میں کئی ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت شرکت کریں گے۔
پوتن کے ممکنہ ہوٹل میں ایک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) اور دو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے سی پی) کو مختلف شفٹوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ روسی سکیورٹی حکام نے بھارتی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔
ہندوستان کے دورے کے دوران پوتن وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ مذاکرات جمعہ کو متوقع ہیں۔ دفاع، تجارت اور اقتصادی تعاون سمیت متعدد امور پر بات چیت متوقع ہے۔ ہندوستان اس سال برکس کی صدارت کر رہا ہے۔ نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات میں اقتصادی تعاون اور عالمی امور پر بات چیت کی جائے گی۔

