جمعرات. ستمبر 10th, 2026

محبوب نگر: ڈرون کیمروں کی مدد سے جنگل میں لاپتہ شخص کو پولیس نے بحفاظت بچا لیا

محبوب نگر 10 ستمبر (رپورٹ- فرید صدیقی):ضلع محبوب نگر کے منڈل کوئلکونڈہ کے موضع آچاریہ پور کا رہنے والا جاجلی کرشنیا نامی شخص، جو 8 ستمبر کو بکریاں چرانے جنگل کی طرف گیا تھا، پہاڑی سے پیر پھسل جانے کے باعث کھائی میں پھنس گیا۔

اہل خانہ کی شکایت پر کوئلکونڈہ پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایس پی محترمہ ڈی. جھانکی (IPS) نے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سرچ آپریشن تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ایس پی کی ہدایت پر اسپیشل پولیس ٹیموں اور اے آر اسپیشل پارٹی نے گھنے جنگلات، پہاڑوں اور دشوار گزار کھائیوں میں ڈرون کیمروں کی مدد سے تلاشی مہم چلائی۔

ڈرون فوٹیج کے ذریعے کرشنیا کے پہاڑی کی چٹانوں کے درمیان کھائی میں پھنسے ہونے کی درست نشاندہی کی گئی، جس کے بعد پولیس نے فوری جائے وقوعہ پر پہنچ کر اسے بحفاظت باہر نکال لیا۔

پولیس تفتیش کے مطابق، دو دن تک وہ اپنے ساتھ لائے ہوئے پانی کو پی کر زندگی بچانے میں کامیاب رہا۔ وقت پر بازیاب کروا کر اسے بحفاظت اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا گیا، جس پر لواحقین نے ایس پی اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

ایس پی ڈی. جھانکی نے ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے والے اہلکاروں اور ڈرون آپریٹرز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے