آپریشن مرسی انڈیا فاؤنڈیشن (OMIF) کے زیر اہتمام جوگنیوں کے بچوں، بے روزگار نوجوانوں، تعلیم اور روزگار کے مواقع سے متعلق منعقدہ شعور بیداری پروگرام میں ضلع ایس پی ڈاکٹر جی وینیت کا خطاب
نارائن پیٹ، 10 ستمبر: ضلع ایس پی ڈاکٹر جی۔ ونیت آئی پی ایس نے طلبہ اور بے روزگار نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کو اپنا ہتھیار بناتے ہوئے اپنے طے شدہ مقاصد کے حصول کے لیے عزم و استقلال کے ساتھ مسلسل محنت کریں۔نارائن پیٹ ضلع مرکز کے شیلا گارڈنز میں آپریشن مرسی انڈیا فاؤنڈیشن (OMIF) کے زیر اہتمام جوگنیوں کے بچوں، بے روزگار نوجوانوں، طلبہ، غریب خواتین اور ہیلتھ ورکرس کے لیے ملازمت، تعلیم اور روزگار کے مواقع سے متعلق منعقدہ شعور بیداری پروگرام میں ضلع ایس پی ڈاکٹر جی۔ ونیت آئی پی ایس نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس پی نے کہا کہ تعلیم نہ صرف ایک فرد کی زندگی بلکہ پورے خاندان کے مستقبل کو تبدیل کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ طلبہ اور نوجوان اپنے اہداف کا واضح طور پر تعین کریں اور انہیں حاصل کرنے کے لیے نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کے ساتھ محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم میں دلچسپی، ملازمت حاصل کرنے کی مضبوط خواہش اور مسلسل محنت کے ذریعے کسی بھی مقصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ایس پی نے ملازمت کے حصول کے لیے ’’بھوک‘‘ پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح انسان بھوک لگنے پر کھانے کے حصول کے لیے بھرپور کوشش کرتا ہے، اسی طرح ملازمت حاصل کرنے اور اپنے مقصد تک پہنچنے کی شدید خواہش بھی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔ مشکلات اور ناکامیوں سے مایوس ہونے کے بجائے انہیں تجربات کے طور پر قبول کرتے ہوئے مزید عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی انہوں نے تلقین کی۔

مثبت سوچ اورمیں کر سکتا ہوں سوچ کو اپنائیں
انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو مثبت سوچ (Positive Thinking) کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ ’’میں کامیاب ہو سکتا ہوں‘‘ کا یقین مضبوط ہو تو انسان اپنے مقصد کے حصول کے لیے ضروری محنت کرنے کے قابل ہوتا ہے۔ ملازمت کی تیاری کرنے والے نوجوان وقت ضائع کیے بغیر منصوبہ بندی کے ساتھ مطالعہ کریں اور دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کریں۔
ایس پی نے بتایا کہ پولیس محکمہ میں ملازمتوں کے لیے حال ہی میں نوٹیفکیشن جاری ہونے کے پیش نظر نارائن پیٹ ضلع کے بے روزگار نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے جلد ہی اسٹڈی سرکل قائم کیا جائے گا۔ پولیس ملازمتوں کے علاوہ مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے نوجوانوں کے لیے ضروری کتابیں اور اسٹڈی میٹریل مفت فراہم کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے محنت سے تعلیم حاصل کریں، سرکاری ملازمتیں حاصل کریں اور اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ ضلع کا نام بھی روشن کریں۔ایس پی نے طلبہ کو تعلیم کے ساتھ نظم و ضبط، وقت کی پابندی، مثبت سوچ اور سماجی ذمہ داری جیسی اقدار اپنانے کی بھی تلقین کی۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ بری عادتوں سے دور رہیں اور اپنا وقت تعلیم، ہنرمندی کی ترقی اور ملازمت کے حصول کے لیے صرف کریں۔
خواتین کی تعلیم سے خاندان میں تعلیمی شعور میں اضافہ ہوتا ہے
خواتین کو بھی تعلیم کو اپنا ہتھیار بنا کر اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ایس پی نے کہا کہ ایک خاتون کے تعلیم یافتہ ہونے سے پورا خاندان تعلیم یافتہ ہوتا ہے۔ خواتین کی تعلیم سے خاندان میں تعلیمی شعور میں اضافہ ہوتا ہے اور بچوں کا مستقبل بھی بہتر بنتا ہے۔ انہوں نے غریب خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو دستیاب تعلیمی، روزگار اور ملازمت کے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشی طور پر خود کفیل بننے کا مشورہ دیا۔
پروگرام میں ڈی ایس پیز مہیش اور نلّاپو لنگیا، ٹاؤن ایس آئی وینکٹیشورلو، ایس بی ایس آئی بھاگیہ لکشمی ریڈی، آپریشن مرسی انڈیا فاؤنڈیشن کی منیجر اینجلا ڈیوس، ضلع کوآرڈینیٹر آجمّاں، ہیلتھ ورکرس، طلبہ، خواتین، نوجوان اور دیگر نے شرکت کی۔

