2026-10-24

نارائن پیٹ:بی آر ایس کا کانگریس سےچھ گارنٹیوں اور 420 وعدوں پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ

نارائن پیٹ 7ستمبر (سماجی خبریں):تلنگانہ کانگریس پارٹی کی جانب سے2023 کے اسمبلی انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے چھ گارنٹیوں اور 420 وعدوں پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ سابق رکن اسمبلی اور بی آر ایس کے ضلع صدر ایس۔ راجندر ریڈی نے کیا۔

پیر کے روز انہوں نے بی آر ایس قائدین، کارکنوں اور عوام کے ساتھ یادگیر روڈ سے کلکٹریٹ تک بڑے پیمانے پر ریالی نکالی۔ کارکنوں نے ڈھول تاشوں کے ساتھ کانگریس حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر محترمہ پرینکا کو مطالبات پر مشتمل یادداشت پیش کی گئی۔

اس موقع پر ایس۔ راجندر ریڈی نے کہا کہ عوام نے کانگریس کے انتخابی وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اسے اقتدار سونپا تھا، لیکن حکومت متعدد وعدوں پر مکمل عمل درآمد کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کسانوں، خواتین، نوجوانوں، بے روزگاروں، ملازمین، غریبوں، معمر افراد، معذوروں اور زرعی مزدوروں سمیت تمام طبقات سے کیے گئے وعدوں کو فوری طور پر پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔

کانگریس ہٹاؤ۔۔۔دیش بچاؤ کا نعرہ

انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس کو ہٹاؤ… تلنگانہ کو بچاؤ‘‘ کا مطالبہ عوام میں زور پکڑ رہا ہے۔ حکومت عوام کی امنگوں کے مطابق کام کرے، بصورت دیگر بی آر ایس عوامی مسائل کے لیے مزید بڑے پیمانے پر احتجاج کرے گی۔

کلکٹریٹ پہنچنے پر انہوں نے سرکاری اطلاعاتی بورڈ پر عہدیداروں کے نام کاغذوں پر درج ہونے، احاطے میں جھاڑیاں اور جنگلی گھاس اُگنے اور پینے کے پانی کی سہولت نہ ہونے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔

ریالی کے دوران بی آر ایس کارکنوں نے ریونت ریڈی کا پتلا نذرِ آتش کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں روک دیا۔

پولیس کارروائی پر تنقید

ایس۔ راجندر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت کے دور میں پولیس کو ’’فرینڈلی پولیس‘‘ کے طور پر عوام کے قریب لایا گیا تھا، جبکہ موجودہ حکومت میں پولیس ’’ریونت پولیس‘‘ بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے اس کے اپنے انتخابی وعدوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے۔ ٹی شرٹس پر کانگریس کے انتخابی وعدے تحریر کرکے اسمبلی پہنچنے والے بی آر ایس ارکان اسمبلی کو پولیس نے روکا، لیکن عوام کے دلوں میں موجود ان وعدوں کو کیسے روکا جاسکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ وعدوں کی یاد دہانی کرانا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے اور وعدوں کو پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری۔ پولیس مقدمات اور طاقت کے ذریعے عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔

پروگرام میں بی آر ایس قائدین، کارکنان، عوامی نمائندوں اور پارٹی کے دیگر ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Related Post