سونا نہ خریدنے، بیرون ملک سفر نہ کرنے اور ووکل فار لوکل کا دیا نعرہ
نئی دہلی یکم ستمبر: وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے تازہ انسٹاگرام ویڈیو پیغام میں ہندوستان کی 7.8 فیصد جی ڈی پی شرحِ نمو کو ملک کی اجتماعی طاقت، عوام کی محنت اور عزم کا نتیجہ قرار دیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگوں، اقتصادی غیر یقینی صورتحال اور سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باوجود ہندوستان نے نمایاں معاشی ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے ملک میں مایوسی اور منفی پروپیگنڈے پھیلانے والوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ترقی کے اعداد و شمار نے ایسے دعوؤں کا جواب دے دیا ہے۔
مودی نے عوام سے خود کفیل ہندوستان اور ووکَل فار لوکل کے نظریے کو اپنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے غیر ضروری بیرونِ ملک سفر، بیرونِ ملک شادیوں اور غیر ضروری طور پر سونا خریدنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مقامی مصنوعات اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جانی چاہیے۔
وزیراعظم کے مطابق، خود انحصاری اور مقامی معیشت کے فروغ کے ذریعے ہندوستان آئندہ نسلوں کے لیے ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ملک کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ وزیراعظم کے سرکاری دفتر نے بھی 7.8 فیصد جی ڈی پی نمو کو ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی اعتماد کی علامت قرار دیا ہے۔

