2026-09-11

محبوب نگر میں سڑک پر نوزائیدہ بچے کو لاوارث چھوڑنے کا سنسنی خیز معاملہ بے نقاب

سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت، ایس پی ڈی۔ جانکی نے پولیس ٹیم کی ستائش کی

محبوب نگر11 ستمبر( رپورٹ- فرید صدیقی):ضلع ایس پی محترمہ ڈی۔ جانکی (آئی پی ایس) کی ہدایات پرایس ڈی پی او وینکٹیشورلو کی نگرانی اور ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر اعجاز الدین کی قیادت میں سب انسپکٹر شیو ناگیشور نائیڈو اورعملے نے تکنیکی ذرائع اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سڑک پر نوزائیدہ بچے کو لاوارث چھوڑنے کے حساس معاملے کو حل کر لیا ہے۔

محبوب نگر کے کے ایف سی (KFC) کے قریب سڑک پر نومولود کو چھوڑے جانے کا واقعہ سامنے آنے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے فوری تحقیقات شروع کی تھیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ اور اطراف کے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لے کر بالآخر اس واردات میں ملوث افراد کا سراغ لگا لیا۔

محبت میں دھوکہ اوربدنامی کا ڈر اصل وجہ

پولیس تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ گارلا پاڈو گاؤں سے تعلق رکھنے والے آنند نامی نوجوان نے ایک نابالغ لڑکی کو محبت کے جھانسے میں لے کر فریب دیا، جس کی وجہ سے وہ حاملہ ہو گئی تھی،  بدنامی کے ڈر سے لڑکی نے یہ بات اپنے اہل خانہ سے چھپائے رکھی۔

04 ستمبر 2026 کو جب لڑکی کو پیٹ میں شدید درد ہوا تو اہل خانہ اسے آٹو رکشہ کے ذریعے محبوب نگر کے اسپتال لے جا رہے تھے کہ راستے میں ہی اس نے بچے کو جنم دے دیا۔

سماجی رسوائی اور راز فاش ہونے کے خوف سے لڑکی کے والدین اور چچا نے باہمی مشورے سے نوزائیدہ بچے کو سڑک کے کنارے لاوارث چھوڑ دیا اور وہاں سے فرار ہو گئے۔

اس پیچیدہ کیس کو سائنسی اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر کامیابی سے حل کرنے پر ضلع ایس پی ڈی۔ جانکی نے ٹو ٹاؤن انسپکٹر اعجاز الدین، سب انسپکٹر شیو ناگیشور نائیڈو، اے ایس آئی سائی نرملادیوی، ہیڈ کانسٹیبل شیکھر اور کانسٹیبلز اشوک و کورامورتی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور جرائم کی روک تھام کے لیے مزید مستعدی سے کام کرنے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر انسپکٹر اعجاز الدین نے کہا کہ نابالغ لڑکیاں محبت کے نام پر فریب دینے والوں کے بہکاوے میں آ کر اپنا مستقبل برباد نہ کریں۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ نابالغ لڑکیوں کو ورغلانے، جنسی استحصال کرنے یا جرائم کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ساتھ ہی پولیس نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورت حال میں فوری پولیس سے رابطہ کریں۔

محبوب نگر: ڈرون کیمروں کی مدد سے جنگل میں لاپتہ شخص کو پولیس نے بحفاظت بچا لیا

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے