2026-09-14

محبوب نگر میں مسلم نمائندگان کا ڈاکٹر ومشی چند ریڈی سے اہم اجلاس

Oplus_16908288

مسلم کمیونٹی کے مختلف مسائل اور مطالبات ریاستی و قومی قیادت کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنے کی اپیل

محبوب نگر، 12 ستمبر: یونائیٹڈ مسلم ایڈوائزری فورم، محبوب نگر کے زیرِ اہتمام آج ہمالیہ بینکوئٹ ہال میں کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر ومشی چند ریڈی کے ساتھ مسلم کمیونٹی کے نمائندگان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس دوپہر 12 بجے سے 2:45 بجے تک جاری رہا، جس میں مختلف مسلم تنظیموں کے ذمہ داران اور نمائندگان سمیت تقریباً 50 افراد نے شرکت کی۔

اجلاس میں سنی جماعت، تبلیغی جماعت، جماعتِ اسلامی، اہلِ حدیث جماعت، موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (MPJ) سمیت مختلف مسلم تنظیموں کے ذمہ داران کے علاوہ شساب درگاہ اور کوٹھاکوٹہ درگاہ کے سجادگان و ذمہ داران، علماء، مذہبی اسکالرز، پروفیسرز، اساتذہ و لیکچررز اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین شریک ہوئے۔

اس موقع پر مسلم کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل اور مطالبات ڈاکٹر ومشی چند ریڈی کے سامنے پیش کیے گئے اور ان سے اپیل کی گئی کہ ان مسائل کو ریاستی اور قومی قیادت کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

منظور شدہ فنڈز کے عدم اجراء اور TGMREIS سمیت اقلیتی اداروں کے مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال

مسلم نمائندگان نے کہا کہ محبوب نگر کے اقلیتی طبقے کے لیے مختلف فنڈز کی منظوری اور تخصیص میں ڈاکٹر ومشی چند ریڈی کا اہم کردار رہا ہے، تاہم منظور شدہ فنڈز میں سے بعض تاحال جاری نہ ہونے کے باعث کمیونٹی کے ترقیاتی اور فلاحی کام متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے فنڈز کے فوری اجراء کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں TGMREIS/TEMRIES سمیت دیگر اقلیتی اداروں سے متعلق مسائل بھی تفصیلی طور پر زیرِ بحث آئے۔ نمائندگان نے ان اداروں کو درپیش مشکلات، انتظامی مسائل اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات سے ڈاکٹر ومشی چند ریڈی کو واقف کرایا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ومشی چند ریڈی نے مسلم کمیونٹی کے بزرگوں اور نمائندگان کو یقین دلایا کہ پیش کیے گئے مسائل اور مطالبات حقیقی اور جائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اور ریاستی حکومت ان مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور وہ اپنی جانب سے ان معاملات کو جلد از جلد حل کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

انہوں نے مسلم نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کمیونٹی کو درپیش مسائل کھل کر ان کے سامنے پیش کیے اور ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اجلاس میں غلام غوث، مولانا مفتی عبد الرحمٰن، مولانا غلام محمد، مولانا سمیر جامعی، شیخ سراج الدین، بدیع اللہ بیگ، مولانا نعمت اللہ، شساب درگاہ کے سربراہ عبدالرزاق شاہ قادری، مولانا بختیار، عبد المنان (ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر)، پروفیسر بشیر احمد، عبد الرحمن صوفی، ظہیر صوفی (نارائن پیٹ)، ایڈووکیٹ عبدالغنی (SIO)، فاروق خان، شائر احمد، ریاض احمد، عبدالسلیم ایڈووکیٹ، میر شعیب علی اور خالد نوید کے علاوہ دیگر اہم شخصیات اور مسلم تنظیموں کے ذمہ داران موجود تھے۔

نارائن پیٹ: دلت اسپیکر کے خلاف نازیبا ریمارکس برداشت نہیں کیا جائیگا۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے