حیدرآباد 31اگست(سماجی خبریں):حیدرآباد کے فَلک نما پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع وٹے پلی علاقے میں اتوار، 30 اگست کی رات AIMIM کے مقامی کارکن 60 سالہ محمد محبوب علی کو حملہ آوروں کے ایک گروپ نے چاقو اور درانتی جیسے تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کرکے قتل کردیا۔
رپورٹس کے مطابق محبوب علی رات تقریباً 10 بجے اپنے گھر کے قریب واقع الماس ہوٹل سے کھانا خرید کر واپس جا رہے تھے۔ گھر سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر وہ ایک شخص سے بات کرنے کے لیے رکے۔ اسی دوران تقریباً چھ افراد دو موٹر سائیکلوں پر وہاں پہنچے اور مبینہ طور پر اچانک ان پر حملہ کردیا۔
دیگر ابتدائی رپورٹس میں حملہ آوروں کی تعداد پانچ سے چھ افراد بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے محبوب علی کو گھیر لیا اور چاقو و درانتی سے متعدد وار کیے۔
حملے کے بعد محبوب علی شدید زخمی حالت میں سڑک پر گر گئے۔ رپورٹس کے مطابق وہ تقریباً 15 منٹ تک سڑک پر پڑے رہے، جس کے بعد مقامی افراد نے انہیں اسپتال منتقل کیا۔ تاہم متعدد گہرے زخموں کے باعث علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ ایک رپورٹ کے مطابق موت تقریباً رات 10:45 بجے ہوئی. پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے حملہ کرنے والوں کی تلاش میں ہے.

