جمعرات. ستمبر 10th, 2026

بھوت پور کے قریب خوفناک سڑک حادثہ گاڑی میں اچانک لگی آگ، ایک شخص اور درجنوں بکریاں زندہ جل گئیں

ایس پی ڈی۔ جانکی نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا

محبوب نگر10ستمبر(رپورٹ-فرید صدیقی)محبوب نگر ضلع کے بھوت پور کے قریب کے بی این فنکشن ہال کے پاس قومی شاہراہ (NH-44) پر جمعرات کی علی الصبح ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا۔ بکریوں سے لدی ایک گاڑی (UP 77 BN 7458) بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے لگے بڑے سائن بورڈ سے زوردار طریقے سے ٹکرا گئی۔

ٹکر اتنی شدید تھی کہ سائن بورڈ سڑک پر گر گیا اور گاڑی کا فیول ٹینک پھٹنے سے اچانک بھیانک آگ بھڑک اٹھی۔

​گاڑی کے کیبن میں ڈرائیور کے ساتھ مزید دو افراد سوار تھے۔ ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا، جسے مقامی پولیس نے فوری طور پر سرکاری ہسپتال پہنچایا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے.

جبکہ کیبن میں موجود دیگر دو افراد محفوظ رہے۔ تاہم گاڑی کے پچھلے حصے میں بکریوں کے ساتھ بیٹھا ایک شخص حادثے کے وقت بکریاں اوپر گر جانے کی وجہ سے باہر نہ نکل سکا اور آگ کے شعلوں میں پھنس کر موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔ اس حادثے میں بڑی تعداد میں بکریاں بھی جل کر مر گئیں۔

​اطلاع ملتے ہی بھوت پور پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ سڑک پر گرے ہوئے سائن بورڈ کو ہٹا کر ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔

حادثے کی خبر ملتے ہی ضلع ایس پی ڈی۔ جانکی (IPS) نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی وینکٹیشورلو، بھوت پور سی آئی راما کرشنا، ٹو ٹاؤن سی آئی اعجاز الدین، بھوت پور ایس آئی ناگنا، موسیٰ پیٹ ایس آئی وینو اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے