نارائن پیٹ، 4 ستمبر(سماجی خبریں):وزیر اعلیٰ تلنگانہ اے۔ ریونت ریڈی نے جمعہ کے روز نارائن پیٹ ضلع کے کوڑنگل اسمبلی حلقہ کے مددور منڈل مرکز میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔
مدور پہنچنے پر ضلع کلکٹر پرینکا نے ہیلی پیڈ پر چیف منسٹر کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے استقبال کیا۔ بعد ازاں چیف منسٹر نے سرکاری ڈگری کالج کی عمارت کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کالج کی مجوزہ عمارت کے نقشے اور ماڈل کا مشاہدہ کرتے ہوئے عہدیداروں سے عمارت کے لیے مختص اراضی، تعمیراتی رقبہ، کلاس رومز، لیبارٹریز اور دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیلات دریافت کیں۔ ای ڈبلیو آئی ڈی سی کے ایم ڈی گنپتی ریڈی نے چیف منسٹر کو بتایا کہ جملہ 4 ایکڑ اراضی پر 13670 مربع فٹ رقبے میں تین منزلہ کالج کی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے۔ بعد ازاں چیف منسٹر نے عمارت کے اندر جاری تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔


چیف منسٹر نے ضلع کلکٹر پرینکا کو ہدایت دی کہ کالج کی عمارت سے متصل اور مرکزی سڑک کی جانب موجود اضافی اراضی کا سروے کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ اراضی پٹہ زمین ہو تو اسے خرید کر کالج کے لیے وسیع احاطہ اور حفاظتی دیوار کی تعمیر کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آئندہ مارچ تک ڈگری کالج کی عمارت کی تعمیر مکمل کرکے اسے آنے والے تعلیمی سال سے طلبہ کے لیے دستیاب بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے مددور علاقے میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کو معیاری اصولوں کے مطابق اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔
گروکُل طالبات اسکول کی تعمیر کا بھی معائنہ
سرکاری ڈگری کالج کی عمارت کے تعمیری کاموں کے معائنے کے بعد چیف منسٹر اے۔ ریونت ریڈی نے سڑک کے راستے چنتل دِنّے کی جانب جاری سماجی بہبود کے گروکُل طالبات اسکول/کالج کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام معیار کے مطابق انجام دیے جائیں اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کاموں میں کسی بھی قسم کی تاخیر سے گریز کرتے ہوئے انہیں تیزی سے مکمل کرنے اور معیار کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی تاکید کی۔
چیف منسٹر نے خبردار کیا کہ اگر تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق نہیں پائے گئے تو ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے گروکُل اسکول کی تعمیر کے لیے اراضی فراہم کرنے والے عطیہ دہندگان کواندیرامّا مکانات منظور کرنے کی ہدایت بھی دی۔
چیف منسٹر کی مددور آمد کے موقع پر شہر میں عوام، قائدین، کارکنوں اور ان کے حامیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری شری دھر، تانڈور کے رکن اسمبلی منوہر ریڈی، کے اے ڈی خصوصی افسر وینکٹ ریڈی، ضلع لائبریری اداروں کے چیئرمین وارلا وجئے کمار، ضلع ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) سری نو، ڈی آر او راجیشوری، مڈور میونسپل چیئرپرسن سرسوتی، مڈور کے سابق زیڈ پی ٹی سی رگھوپتی ریڈی، سنگل ونڈو چیئرمین نرسملو، ویرش گوڑ، مقامی عوامی نمائندے اور متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔

