2026-10-24

ڈاکٹر ایس سریش کا این ٹی آر گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن میں نباتیات پر توسیعی لکچر

مقریرین نے ​طالبات کو سائنسی، تحقیق اور نباتیاتی تنوع پر خصوصی توجہ دینے کا دیا مشہورہ دیا

محبوب نگر 3ستمبر(رپورٹ -فرید صدیقی): مقامی این ٹی آر گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن (خود مختار) محبوب نگر میں آج شعبہ نباتیات کے زیرِ اہتمام ایک توسیعی لکچر منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگری کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ایس سریش نے بحیثیت ریسورس پرسن شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ایس سریش نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نباتیات کا علم قدرت کو سمجھنے اور ماحولیاتی توازن قائم رکھنے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اپنے لیکچر میں "بینتھم اور ہوکر کلاسیفیکیشن سسٹم” کی باریکیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے واضح کیا کہ طالبات کو پودوں کی درجہ بندی، سائنسی نام کاری، طبی و معاشی اہمیت کے حامل نباتات، حیاتیاتی تنوع اور غذائی تحفظ جیسے اہم پہلوؤں کا گہرا مطالعہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورِ حاضر میں جینیاتی طور پر تبدیل شدہ پودوں (GM Plants) اور سبز انقلاب کے اثرات کو سمجھے بغیر سائنس کی عملی افادیت نامکمل ہے۔ بعد ازاں انہوں نے طالبات کی جانب سے پوچھے گئے سائنسی سوالات کے مدلل جوابات دیے۔

انچارج پرنسپل آمنہ ممتاز جہاں نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ ایسے توسیعی لکچرس طالبات کے فکری اور تحقیقی رجحان کو جلا بخشتے ہیں اور نصابی تعلیم کو وسعت دیتے ہیں۔ بعد ازاں انچارج پرنسپل اور شعبہ نباتیات کے اساتذہ نے ڈاکٹر ایس سریش کی خدمت میں شال پوشی کر کے ان کی تہنیت پیش کی۔

اس تقریب میں شعبہ نباتیات کے فیکلٹی ارکان ڈاکٹر کے سدھیر، ڈاکٹر آئی شریوانی، ڈاکٹر کے شویتارانی، ڈاکٹر ایس تروینی اور لائف سائنسز گروپ کی طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

Related Post