طلبہ کے فیس بقایاجات فوری ادا کرنےاور GO-97 منسوخ کرنے کا مطالبہ
نارائن پیٹ29 اگست(سماجی خبریں):بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (BJYM)ریاستی شاخ کی اپیل پر نارائن پیٹ ضلع مرکز میں BJYM کی جانب سے طلبہ کے مسائل اور فیس بقایاجات کی اجرائی کے مطالبے پر ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اہتمام کیا گیا۔
بھوک ہڑتال میں بی جے وائی ایم ضلع صدر منی مودی، پرکاش، انویش، منی شنکر، انجی پولامولا، چنداپورم انجی، کوربینی رگھو، وٹے سریش، ونے واڑہ سری کانت، انجی پیراپلی، امیش، کرن اور چندرشیکھر سمیت دیگر قائدین نے شرکت کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
بھوک ہڑتال کے افتتاحی پروگرام میں بی جے پی ضلع صدر ستیہ یادو نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور احتجاجی قائدین کو پھولوں کے ہار پہنا کر بھوک ہڑتال کا آغاز کیا۔
اس موقع پر احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے ستیہ یادو نے کہا کہ اگر ریاستی حکومت فوری طور پر طلبہ کے فیس بقایاجات جاری نہیں کرتی تو بی جے پی اور بی جے وائی ایم قائدین کانگریس قائدین کے دفاتر کا گھیراؤ کرتے ہوئے طلبہ کے حق میں جدوجہد کو مزید تیز کریں گے۔ انہوں نے طلبہ کے مسائل کے لیے جدوجہد کرنے پر یوتھ مورچہ کے قائدین کو مبارکباد بھی پیش کی۔
بھوک ہڑتال سے اظہارِ یکجہتی کے لیے طلبہ، بی جے پی قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی حکومت کے وکیل رگھو ویر یادو، کملہ پور سری نواس، چنّپا یادو، اے بی وی پی طلبہ تنظیم کے قائدین نریش اور ستیش سمیت دیگر موجود تھے۔

فیس ری ایمبرسمنٹ اور اسکالرشپس فوری جاری کرنے کا مطالبہ
بھوک ہڑتال کے اختتامی پروگرام میں بی جے پی ریاستی او بی سی مورچہ کے نائب صدر رگھو رامیا گوڑ اور میونسپل وائس چیئرمین منجولا راگھویندر ریڈی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے بھوک ہڑتال کرنے والے قائدین کو لیموں کا رس پلا کر احتجاج ختم کروایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائدین نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ طلبہ کے اسکالرشپس اور فیس ری ایمبرسمنٹ کی رقم فوری طور پر جاری کی جائے۔
انہوں نے حکومت سے GO-97 کو منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے مسائل کو نظرانداز نہ کیا جائے اور ان کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
اس پروگرام میں بی جے وائی ایم کے سابق ضلع نائب صدر، ٹاؤن یوتھ مورچہ کے صدر منی شنکر، مختلف منڈلوں کے صدور، قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔

