حیدرآباد، 25 اگست: حیدرآباد میں ٹاسک فورس اور مقامی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بغیر مطلوبہ طبی اہلیت کے ڈاکٹر بن کر علاج کرنے والے چھ افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان غیر رجسٹرڈ کلینکس یا میڈیکل اسٹورز کے ذریعے مریضوں کا علاج کر رہے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ جوبلی ہلز ٹاسک فورس اور مقامی پولیس نے پیر کے روز حیدرآباد کے پانچ مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔
تلنگانہ ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار افراد کی شناخت ڈی رام شیکھر ریڈی (43)، آر سدھاکر (38)، ایم بھارتی (44)، کے مہیش راؤ (43)، پی بالا نرسمہا (52) اور محمد عبد الولی (54) کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر بغیر کسی مستند طبی ڈگری یا قانونی اہلیت کے مریضوں کا علاج کر رہے تھے۔
ان میں سے بعض افراد غیر رجسٹرڈ کلینکس چلا رہے تھے، جبکہ کچھ میڈیکل اسٹورز سے ہی علاج کی خدمات فراہم کر رہے تھے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمان مبینہ طور پر مریضوں کو سیلائن، انجیکشن اور بعض معاملات میں سرجیکل ٹانکے بھی لگاتے تھے اور اس کے عوض مریضوں سے فیس وصول کرتے تھے۔
چھاپوں کے دوران پولیس نے تقریباً 53 ہزار روپے مالیت کا طبی سامان بھی ضبط کیا، جس میں سرنجیں، انجیکشن اور جراحی کے آلات شامل ہیں۔
یہ کارروائیاں رحمت نگر، وینکٹ گیری، فلم نگر اور بورابنڈہ کے علاقوں میں کی گئیں۔ پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

