2026-09-20

گنیش جلوس کے پر امن انعقاد کیلئے ایس آر گارڈن میں امن کمیتی اجلاس.

Narayanpet SP Dr Vineet addressing during peace committe meeting for ganesh festival

گنیش شوبھا یاترا پرامن و روایتی انداز میں منانے نیز ڈی جے کے استعما سے گریز کرنے کی تلقین: ایس پی ڈاکٹر وینیت آئی پی ایس

نارائن پیٹ، 19 ستمبر(سماجی خبریں): گنیش شوبھا یاترا اور وسرجن کے موقع پر امن و امان کی برقراری اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت آئی پی ایس نے گنیش اتسو کمیٹیوں، منڈپ منتظمین، آرگنائزرز اور ہندو مذہبی عمائدین کے ساتھ منعقدہ امن کمیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوکہا.

نارائن پیٹ مستقر کے ایس آر گارڈن میں پولیس محکمہ کی جانب سے گنیش اتسو کمیٹی، گنیش منڈپ منتظمین، آرگنائزرز اور ہندو مذہبی عمائدین کے ساتھ امن اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت نے اس موقع پر صدارت کرتے ہوئے گنیش شوبھا یاترا اور وسرجن کے دوران اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر اور پولیس کی جانب سے مقرر کردہ قواعد سے واقف کرایا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ایس پی ایم ڈی ریاض الحق، ڈی ایس پی نلّاپو لنگیا اور مہیش موجود تھے.

ڈی جے استعمال پر سخت کاروائ

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت نے کہا کہ شوبھا یاترا کے راستوں پر مؤثر پولیس بندوبست، ٹریفک کنٹرول اور مسلسل نگرانی کا انتظام کیا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شوبھا یاترا میں ڈی جے کی اجازت نہیں ہوگی اور قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی جے استعمال کرنے یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

BJP leaders addressing during peace committe meeting during ganesh festivel

اس موقع پر ڈاکتر وینیت نے کہا کہ ڈی جے کلچر ہماری روایات کا حصہ نہیں ہے، اس لیے شوبھا یاترا کو بھکتی، ثقافت اور فن کی عکاسی کرنے والے روایتی انداز میں منعقد کیا جائے۔ ایس پی نے شرکاء کو شراب سے مکمل طور پر دور رہنے اور نشے کی حالت میں کسی بھی طرح کا نامناسب یا دوسروں کے لیے تکلیف دہ رویہ اختیار نہ کرنے کی ہدایت دی۔

ایس پی ڈاکٹر وینیت نے منڈپ منتظمین، آرگنائزرز اور مذہبی عمائدین سے کہا کہ وہ شوبھا یاترا کے دوران نوجوانوں کی رہنمائی کریں اور اسے نظم و ضبط کے ساتھ مکمل کروائیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی قسم کے تنازع سے گریز کریں۔

مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل

ایس پی نے بتایا کہ گنیش وسرجن کے دوران حضرت سید شاہ تقی بابا درگاہ میں عرس،صندل اور قوالی کے پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔ انہوں نے تمام طبقات سے اپیل کی کہ ایک دوسرے کے مذہبی عقائد اور رسومات کا احترام کرتے ہوئے نارائن پیٹ میں قائم بھائی چارہ، مذہبی ہم آہنگی اور پُرامن ماحول کو برقرار رکھیں۔

تالابوں پر حفاظتی احتیاط لازمی

گنیش وسرجن کے موقع پر تالابوں اور دیگر آبی ذخائر کے قریب خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایس پی نے کہا کہ عقیدت مند پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور پانی میں اترنے سے گریز کریں۔ بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو آبی مقامات پر خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی جانی نقصان سے بچاؤ کے لیے پولیس کی جانب سے تالابوں کے اطراف ضروری حفاظتی انتظامات اور نگرانی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

ایس پی نے گنیش اتسو کمیٹیوں، منڈپ منتظمین، عوام اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس محکمہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ گنیش شوبھا یاترا اور وسرجن کی تقریبات پرامن، محفوظ اور خوشگوار ماحول میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوں۔

اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی ایم ڈی ریاض الحق، ڈی ایس پیز نلّاپو لنگیا اور مہیش، سی آئی شیوشنکر، ایس آئی وینکٹیشورلو، بھاگیہ ریڈی ریڈی، ڈی ایم ایچ او، ڈی ایم، اے ای، بی جے پی قائد نندو ناموجی ایڈوکیٹ کے علاوہ گنیش اتسو کمیٹی کے صدر و اراکین، وشوا ہندو پریشد، بجرنگ دل کے کارکنان، منڈپ آرگنائزرز، نوجوانوں اور دیگر نے شرکت کی۔

نارائن پیٹ: ڈی جے کے استعمال پر مکمل پابندی. ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت

رپورٹ: پریس نوٹ ضلع ایس پی پی آر او
ناشر: سماجی خبریں

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے