منگل. ستمبر 1st, 2026

ووٹرفہرست کی نظرثانی کی عمل شفاف اور مستحکم انداز میں مکمل کیا جائے: ضلع کلکٹر پرنیکا

نارائن پیٹ، 31 اگست (سماجی خبریں):ضلع کلکٹر پرینکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ووٹر فہرست کی خصوصی نظرثانی کے دوران شناخت کیے گئے اناملیس (Anomalies) اور2002 کی لسٹ سے لنک نہ ہونے والے کیسز کو انتخابی ضابطوں کے مطابق حل کرتے ہوئے پورے عمل کو شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔

پیر کے روز کلکٹریٹ کے ویڈیو کانفرنس ہال میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں ضلع کلکٹر نے موجودہ دعوے اور اعتراضات کے عمل اور ڈرافٹ ووٹر فہرست کے بعد شناخت کیے گئے کیسوں کا جائزہ لیا۔

نوٹسوں کی اجرائی کا جائزہ

انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع کے تمام منڈلوں میں شناخت کیے گئے اناملیس اور نان لنکڈ کیسوں، جاری کیے گئے نوٹس، نوٹس وصول کرنے والے افراد اور زیرِ التوا کیسوں کی مکمل تفصیلات تیار رکھیں۔

کلکٹر نے کہا کہ نوٹس حاصل کرنے والے ووٹرز مقررہ تاریخ پر ضروری دستاویزات کے ساتھ حاضر ہوں، اس کے لیے بی ایل اوز (BLOs) انہیں مناسب آگاہی فراہم کریں۔

الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق منظور شدہ دستاویزات میں سے کوئی ایک دستاویز پیش کیے جانے پر متعلقہ کاغذات کی جانچ کرکے انہیں اسکین کر کے آن لائن اپ لوڈ کیا جائے۔

ضلع کلکٹر پرینکا نے واضح کیا کہ اس عمل کا مقصد اہل ووٹروں کے نام حذف کرنا نہیں بلکہ ضروری دستاویزات کے ذریعے ان کی تفصیلات کی تصدیق کرنا ہے۔

انہوں نے شادی، نقل مکانی، خاندانی تفصیلات میں تبدیلی اور والدین کی دستاویزات دستیاب نہ ہونے جیسے خصوصی معاملات کا بھی قواعد کے مطابق جائزہ لینے کی ہدایت دی۔

سابق میں لنک نہ ہونے کی صورت میں لنک کرنے کی سہولت

انہوں نے مزید کہا کہ جن نان لنکڈ کیسوں میں ابھی بھی آن لائن لنک کرنے کی سہولت موجود ہے، متعلقہ افراد کو اس بارے میں اطلاع دے کر فوری طور پر لنک کا عمل مکمل کروایا جائے۔

کلکٹر نے ہدایت دی کہ ہر بی ایل او اپنے دائرہ اختیار میں موجود کیسوں کے بارے میں مکمل معلومات رکھے اور ضروری دستاویزات اور کیس کی پیش رفت سے متعلق تفصیلات کے ساتھ تیار رہے۔

پیچیدہ نوعیت کے کیسوں کی الگ سے نشاندہی کرتے ہوئے ضرورت پڑنے پر اعلیٰ حکام سے رہنمائی حاصل کی جائے۔

ضلع کلکٹر پرینکا نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور انتخابی عملے سے اپیل کی کہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے ووٹر فہرست کی نظرثانی کے عمل کو غیر جانب دارانہ، شفاف اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) سری نو، الیکشن ڈپارٹمنٹ کی افسر جے سدھا اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سدرشن ریڈی، محمد سلیم، راگھو چودھری، راملو، وینکٹ رام ریڈی، کینچی سری نواس سمیت دیگر نے شرکت کی۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے