بدھ. ستمبر 2nd, 2026

وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر پوتن کی اہم ملاقات، جنگ کے خاتمے پر زور

پی ایم مودی اور صدر پوتن کی اہم ملاقات، یوکرین جنگ کے خاتمے پر زور

بشکیک 31 اگست : وزیر اعظم نریندر مودی نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقدہ 26ویں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن سے اہم دوطرفہ ملاقات کی۔ یہ 2026 میں دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات تھی۔

پریس انفارمیشن بیورو کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں بھارت اور روس کے درمیان دفاع، تجارت، توانائی، خلائی شعبے، معیشت، نقل و حرکت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے 24 اگست کو ماسکو میں منعقدہ بھارت-روس بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت، اقتصادی اور ثقافتی امور کے اجلاس کے نتائج کا بھی خیرمقدم کیا۔

یوکرین جنگ پر مودی کا واضح پیغام

ملاقات کا ایک اہم پہلو روس-یوکرین جنگ بھی رہا۔ وزیر اعظم مودی نے جنگ کے خاتمے اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت امن کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور مسلسل جنگ انسانیت کے مفاد میں نہیں ہے۔

مودی نے اپنے خطاب میں کہاکہ جنگ کو جاری رکھنے کے بجائے جنگ کے خاتمے کی سمت آگے بڑھنا چاہیے۔ روسی صدر پوتن نے بھی امن کی جانب بڑھنے کے لیے روس کے عزم کا اظہار کیا، تاہم ماسکو کا کہنا ہے کہ کسی بھی حتمی حل کو روس کی شرائط کے مطابق ہونا ہوگا۔

بھارت روس تعلقات پر بھی تفصیلی گفتگو

دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی سطح پر بھارت اور روس کے تعاون، بالخصوص BRICS کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ 2026 میں BRICS کی صدارت بھارت کے پاس ہے۔ مغربی ایشیا اور بحیرۂ اسود کے خطے میں جاری تنازعات سے پیدا ہونے والے اثرات، سمندری تجارت اور بھارتی ملاحوں کی سلامتی بھی گفتگو کا حصہ رہی۔

صدر پوتن نے بھارت کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں مثبت پیش رفت کا ذکر کیا۔ رپورٹ کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم میں 2.6 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ روس میں بھارتی طلبہ کی تعداد بڑھ کر تقریباً 40 ہزار ہوگئی۔

پوتن کو بھارت آنے کی دعوت

وزیر اعظم مودی نے روسی صدر پوتن کو 12 اور 13 ستمبر 2026 کو نئی دہلی میں ہونے والی 18ویں BRICS سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے بھارت آنے کی دعوت دی۔ مودی نے کہا کہ وہ پوتن کا بھارت میں استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے