منگل. ستمبر 1st, 2026

مکتھل میں بی جے پی سرپنچ مہادیومّابالاکِشتیا کانگریس میں شامل

مکتھل کی ترقی میں ہر فرد کو شراکت دار بننا چاہیے،عہدے مستقل نہیں، ترقی ہی دائمی ہے: وزیر واکٹی سری ہری

مکتھل30 اگست(سماجی خبریں): ترقی عوام کی اجتماعی شراکت سے ہی ممکن ہے اور مکتھل حلقہ اسمبلی کی ترقی کے لیے ہر فرد کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر واکٹی سری ہری نے بی جے پی سرپنچ مہادیومّابالاکِشتیا کی کانگریس پارٹی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا.

مکتھل منڈل کے جولہ پور گاؤں کی بی جے پی سرپنچ مہادیومّا بالاکِشتیا نے وزیر واکٹی سری ہری کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر وزیر نے انہیں کانگریس کا کھنڈوا پہنا کر پارٹی میں پرتپاک خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر سری ہری نے کہا کہ حکومت کا مقصد سیاسی اختلافات کو ہوا دینا نہیں بلکہ عوامی بہبود اور دیہات کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ آپس میں اختلافات اور جھگڑوں میں الجھے رہیں گے تو گاؤں کی ترقی متاثر ہوگی۔ اس لیے تمام سیاسی جماعتوں سے وابستہ افراد کو چاہیے کہ وہ پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر ترقیاتی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔

ہر گاؤں تک فلاحی اسکیموں پہنچانے کا عزم

وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت والی عوامی حکومت میں فلاحی اسکیموں کے ثمرات ہر بوتھ اور ہر گاؤں میں نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کے نام پر غریبوں کو صرف امیدیں دلائی گئیں، لیکن غریبوں کو مکانات فراہم نہیں کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اب عوام میں شعور میں اضافہ ہوا ہے اور ہر شخص میں اپنے گاؤں کی ترقی میں خود حصہ لینے کی سوچ پیدا ہورہی ہے۔

284 بوتھوں کے احاطہ میں اندرامّا مکانات

وزیر واکٹی سری ہری نے بتایا کہ مکتھل اسمبلی حلقے کے 284 بوتھوں میں ہر بوتھ کے لیے 10 سے 12 اندرامّا مکانات بغیر کسی بدعنوانی کے منظور کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 276 کروڑ روپے کی لاگت سے 5,500 اندرامّا مکانات مکتھل اسمبلی حلقے کے لیے منظور ہونا خوش آئند بات ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حلقے میں 68 ہزار راشن کارڈز منظور کیے گئے ہیں اور ہر غریب خاندان کو ماہانہ 6 کلو باریک چاول (سناّ چاول) مفت فراہم کیے جارہے ہیں۔

وزیر سری ہری نے مکتھل اسمبلی حلقے کے عوام سے اپیل کی کہ وہ حلقے کی ترقی میں بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدے کسی کے لیے مستقل نہیں ہوتے، بلکہ عوام کے لیے کی جانے والی ترقی اور خدمات ہی ہمیشہ یاد رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مکتھل حلقے کے عوام نے جس اعتماد کے ساتھ انہیں منتخب کیا ہے، اس اعتماد کا حق ادا کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ترقی اور فلاحی اسکیموں کے ثمرات ہر غریب تک پہنچانے کے لیے حکومت پوری سنجیدگی سے کام کرے گی۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے