ضلع کلکٹر پرینکا کی ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر سی۔سدھارشن ریڈی کووضاحت
نارائن پیٹ، 7 ستمبر 2026(سماجی خبریں):ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر سی سدھارشن ریڈی نےاسپیشل انٹنسیو ریویژن (SIR) پروگرام کے تحت اناملیز اور نو میپنگ زمرے میں شناخت کیے گئے ہر ووٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ضابطوں کے مطابق مکمل اور شفاف تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
پیر کے روز حیدرآباد سے ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر سی سدھارشن ریڈی نے ایس آئی آر عمل کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے تمام اضلاع کے کلکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ اجلاس میں اناملیز اور نو میپنگ ووٹروں کو نوٹس جاری کرنے، ان کی تقسیم اور بعد ازاں تحقیقات کے عمل کا ضلع وار جائزہ لیا گیا۔

نارائن پیٹ ضلع کی جانب سے ضلع الیکٹورل آفیسر اور ضلع کلکٹر سی ایچ پریانکا نے ویڈیو کانفرنس ہال سے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر سی سدھارشن ریڈی نے ہدایت دی کہ اناملیز اور نو میپنگ زمرے میں شامل ہر ووٹر تک نوٹس ضرور پہنچایا جائے۔ نوٹس کی اجرائی کے بعد متعلقہ ووٹروں کو اپنی بات پیش کرنے اور سماعت کا مکمل موقع فراہم کیا جائے، جبکہ ان کے دستاویزات اور تفصیلات کی انتخابی قواعد و ضوابط کے مطابق باریک بینی سے جانچ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے عمل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غلطی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے اور تمام معاملات کو مکمل شفافیت کے ساتھ نمٹایا جائے۔ ہر کیس کی تفصیلات کو باقاعدہ طور پر ریکارڈ کرنے اور مقررہ مدت کے اندر نوٹسوں کی تقسیم اور تحقیقات کا عمل مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
ضلع کلکٹر سی ایچ پریانکاکی رپورٹ
ضلع کلکٹر سی ایچ پریانکا نے نارائن پیٹ ضلع میں ایس آئی آر عمل کی پیش رفت سے متعلق بتایا کہ بے ضابطگیوں اور نو میپنگ والے ووٹروں کے لیے 1 لاکھ 46 ہزار نوٹس تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں سے اب تک 88 ہزار نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ 59,609 معاملات زیر التوا ہیں اور 18 ہزار کی سماعت کی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ تفصیلات کو ایپ میں بھی اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے۔
کلکٹر نے کہا کہ نوٹسوں سے متعلق تحقیقات کا عمل مکمل کرتے ہوئے ضروری کارروائی کی جارہی ہے اور ہندوستانی الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق خصوصی جامع نظرثانی کے عمل کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
ویڈیو کانفرنس میں ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) سرینو، آر ڈی او رمیش، ٹرینی کلکٹرس شری رام پرنیت اور پھنی کمار سمیت متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔

