تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں بھی کامیابی حاصل کرنے کاضلع کلکٹر پرینکا نے دیا مشہورہ
نارائن پیٹ: ضلع کلکٹر پرینکا نے طلبہ اور کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کو بھی یکساں اہمیت دیں اور اپنے مقررہ ہدف کے حصول تک مسلسل محنت کرتے رہیں۔
قومی یومِ کھیل کے موقع پر ضلع کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں محکمہ کھیلوں کی ترقی کے زیر اہتمام انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ مقابلے محکمہ بہبودِ خواتین و اطفال کی جانب سے ’’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘‘ پروگرام کے تحت ضلع کے سرکاری و خانگی جونیئر اور ڈگری کالجوں کی نوعمر طالبات کے لیے منعقد کیے گئے تھے۔
تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے کلکٹر پرینکا نے حالیہ کھیلوں کے مقابلوں کے فاتحین، رنرس اور تمام شرکاء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ ضلع سے قومی سطح کے کھلاڑی اور ریاستی سطح کے چیمپئنز کا تعلق ہونا باعثِ فخر ہے۔ بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے والے کھلاڑی قابلِ ستائش ہیں۔

کھیلوں کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے اقدامات کا تیقن
کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں کھیلوں کی ترقی اور اسٹیڈیم کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ قومی و ریاستی سطح کے مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو حکومتی قواعد کے مطابق ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے تعلیم کے ساتھ کھیل بھی ضروری ہیں۔ اسکول سے باہر بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں دوبارہ تعلیم سے جوڑنے کے ساتھ کھیلوں میں بھی مواقع فراہم کیے جائیں۔
ہدف کا تعین کرتے ہوئے مسلسل محنت کرنے کا مشہورہ
طلبہ کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو زندگی میں ایک واضح ہدف مقرر کرکے اسے حاصل کرنے کے لیے منصوبہ بندی اور مسلسل محنت کرنی چاہیے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ ابھی سے طے کریں کہ 30 سال بعد اپنی زندگی کو کس مقام پر دیکھنا چاہتے ہیں اور روزانہ کے کاموں کا جائزہ لیتے رہیں کہ آیا وہ انہیں اپنے مقصد کے قریب لے جا رہے ہیں یا نہیں۔
بعد ازاں کلکٹر نے قومی سطح کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور حالیہ ضلعی مقابلوں کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے اور شال پوشی کے ذریعے انہیں اعزاز سے نوازا۔
تقریب میں ڈی ڈبلیو او راجندر گوڑ، ضلع کھیلوں کی ترقی کے افسر وینکٹیش شیٹی، ڈی پی آر او رشید، ایس جی ایف سکریٹری سرینواس ریڈی، پی ڈی سائی ناتھ، بال راج، رام کرشنا ریڈی، وینکٹپا، روپ، پروین بیگم، رام موہن گوڑ، ریسلنگ کوچ سرینواس، والی بال کوچ راگھویندر، پی ای ٹیز اور دیگر نے شرکت کی۔

