منگل. ستمبر 1st, 2026

راجا پور خاتون قتل کیس کا انکشاف، لاری ڈرائیور گرفتار؛ چاقو اور لاری برآمد

محبوب نگر3/اگست(محمد فرید صدیقی): راجا پور پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے خاتون کے قتل کے معاملے کو ضلع پولیس نے تیزی سے حل کرتے ہوئے ملزم لاری ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ جڑچرلہ ڈی ایس پی وینکٹیشورلو نے اتوار کو منعقدہ پریس کانفرنس میں کیس کی تفصیلات بیان کیں۔

پولیس کے مطابق 19 اگست کو رنگاریڈی گوڑہ کے مضافات میں این ایچ-44 کے قریب ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ اس سلسلے میں راجا پور پولیس نے کرائم نمبر 185/2026 کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔ مسلسل تفتیش کے بعد مقتولہ کی شناخت 39 سالہ جاتراوت لالی عرف للیتا کے طور پر کی گئی۔

ناجائز تعلقات کا شبہ قتل کی اہم وجہ؟

پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ قتل کا ملزم چھوٹے خاں پیشے سے لاری ڈرائیور ہے اور مقتولہ کے ساتھ اس کے قریبی تعلقات تھے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی بیوی کے انتقال کے بعد وہ للیتا سے شادی کرنا چاہتا تھا، تاہم مقتولہ کے دیگر افراد سے مبینہ روابط کے شبہ میں دونوں کے درمیان اکثر تنازعہ ہوا کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق 18 اگست کی رات ملزم للیتا کو اپنی لاری میں بٹھا کر رنگاریڈی گوڑہ کے قریب لے گیا، جہاں دونوں نے شراب نوشی کی۔ اسی دوران مبینہ طور پر کسی بات پر تنازعہ پیدا ہوگیا اور ملزم نے طیش میں آکر چاقو سے للیتا کا گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ بعد ازاں لاش کو سڑک کنارے جھاڑیوں میں پھینک کر موقع سے فرار ہوگیا۔

کیس کی جانب میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

کیس کی تحقیقات ضلع ایس پی محترمہ ڈی. جانکی، آئی پی ایس کی نگرانی میں اور جڑچرلہ ڈی ایس پی وینکٹیشورلو کی قیادت میں کی گئیں۔ جڑچرلہ رورل سی آئی مہیش نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر جدید ٹیکنالوجی، کال ڈیٹا، سی سی ٹی وی کیمروں اور ٹول گیٹ فوٹیج کی مدد سے ملزم اور لاری کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔

پولیس نے مسلسل نگرانی کے بعد 30 اگست کی صبح اس وقت ملزم کو گرفتار کرلیا جب وہ بنگلورو سے مدھیہ پردیش کی سمت جاتے ہوئے رائیکل ٹول گیٹ سے گزر رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والی لاری اور چاقو بھی برآمد کرلیا۔

گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔

کیس کو کم وقت میں حل کرنے پر ضلع ایس پی ڈی. جانکی آئی پی ایس نے سی آئی مہیش، ایس آئی این. راج شیکھر اور تحقیقاتی ٹیم میں شامل دیگر پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے