تلنگانہ قانون ساز کمیٹی برائے ٍخواتین، بچوں، معذوروں اور بزرگوں کی فلاح و بہبود کا اولین اجلاس
حیدرآباد25 اگست: تلنگانہ کے وزیر برائے قانون ساز امور دُدّیلا سری دھر بابو نے کہا ہے کہ قانون ساز کمیٹیوں کی سفارشات اور تجاویز ریاست میں کمزور اور پسماندہ طبقات کے لیے چلائی جانے والی فلاحی اسکیموں کو مزید مؤثر انداز میں نافذ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
یہ بات انہوں نے منگل کو تلنگانہ قانون ساز کونسل کے اجلاس ہال میں منعقدہ مختلف فلاحی کمیٹیوں کے ابتدائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں شیڈولڈ ٹرائب ویلفیئر کمیٹی، پسماندہ طبقات ویلفیئر کمیٹی اور خواتین، بچوں، معذور افراد و معمر شہریوں کی فلاحی کمیٹی کے ابتدائی اجلاس منعقد ہوئے۔
اجلاس میں قانون ساز کونسل کے چیئرمین گُتھا سُکھندر ریڈی، اسمبلی اسپیکر گڈم پرساد کمار، کونسل کے ڈپٹی چیئرمین بنڈا پرکاش مدیراج کے علاؤہ رکن اسمبلی نارائن پیٹ ڈاکٹر چٹم پرینکا ریڈی سمیت دیگر ارکان موجود تھے۔
سری دھر بابو نے کہا کہ خواتین ریاست کی آبادی کا تقریباً نصف حصہ ہیں، اس لیے ان کی خودمختاری اور معاشی بااختیاری کے لیے کمیٹی کی سفارشات حکومت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں، معذور افراد اور معمر شہریوں کے تحفظ اور دیکھ بھال کے لیے بھی کمیٹی کی رپورٹس حکومت کو بہتر پالیسی سازی میں مدد دے سکتی ہیں۔
زمینی مسائل کی نشاندہی پر زور
قانون ساز کونسل کے چیئرمین گُتھا سُکھندر ریڈی نے کہا کہ فلاحی اسکیموں کے نفاذ میں پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ رابطہ قائم کرکے ان کے حل کی کوشش کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی، پسماندہ طبقات، خواتین، بچوں، معذور افراد اور بزرگ شہریوں کے لیے حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیموں کے فوائد زمینی سطح پر ہر مستحق شخص تک پہنچنے چاہئیں۔
انہوں نے سابق حکومت کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض قبائلی مستحقین کو سبسڈی اسکیموں کا فائدہ نہ ملنے کے باعث وہ آج بھی اپنے سبسڈی سے متعلق کاغذات لے کر دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو، اس کی ذمہ داری کمیٹی کے چیئرمین اور ارکان پر بھی عائد ہوتی ہے۔

چٹم پرنیکا ریڈی کی سربراہی میں کمیٹی کی ترجیحات
خواتین کے تحفظ اور معاشی بااختیاری سے متعلق اسکیموں کا موثر نفاذ و نگرانی،
بچوں کی فلاحی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ و مزید نئے اسکیمات کا قیام ،
آنگن واڑی مراکز کی کارکردگی موثر بنانا و نئے آنگن واڈی مراکز کا قیام،
معذور افراد کے لیے حکومتی اسکیمات سے استفادہ پہیچانے کے اقدامات کرنا،
معمر شہریوں کے رہن سہن میں بہتری لانا، بزرگوں کے لیے صحت کی سہولیات فراہم کرنا شامل ہیں.
اجلاس میں اس موقع پرکمیٹی چیئرپرسن و رکن اسمبلی نارائن پیٹ ڈاکٹر چِٹّم پرنیکا ریڈی کے علاوہ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان مٹّا راگمائی، کووا لکشمی اور وانی دیوی بھی موجود تھیں۔

