حیدآباد 23اگست(پریس نوٹ) جماعت اسلامی ہند، شیخ پیٹ کے زیرِ اہتمام مسجدِ سعیدہ میں منعقد خصوصی پروگرام "سیرتِ رسول ﷺ کا پیغام” سے خطاب کرتے ہوئے ناظمِ شہر جماعت اسلامی ہند حیدرآباد ڈاکٹر مبشر احمد نے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ ہماری دعوت، مشن، تربیت اور اجتماعی جدوجہد کے لیے بنیادی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی بعثت کا بنیادی مقصد دعوت الی اللہ تھا۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو شرک و جہالت سے نکال کر توحید کی روشنی میں لایا اور زندگی کے تمام شعبوں میں اللہ کی ہدایت کے مطابق تبدیلی پیدا کی۔
عدل، امن، اخلاق اور انسانی مساوات اسی مشن کے اہم مظاہر تھے۔ جماعت اسلامی ہند بھی اسلام کو مکمل نظامِ حیات کے طور پر پیش کرتے ہوئے اقامتِ دین کی جدوجہد کر رہی ہے۔
ڈاکٹر مبشر احمد نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنے مشن کے لیے افراد کی ایسی تربیت کی کہ وہ دنیا کی قیادت کے اہل بن گئے۔
آپ ﷺ کا تربیتی اسلوب عملی، تدریجی، انفرادی اور اجتماعی تھا۔ آپ ﷺ نے ہر صحابی کی صلاحیت کو پہچان کر اسے دین کی خدمت کے لیے استعمال کیا۔
مومن کی شخصیت کی بنیاد توحید پر ہے۔
اللہ تعالیٰ کے اسماء و صفات کا صحیح عرفان انسان میں اخلاص، تقویٰ، توکل، صبر اور استقامت پیدا کرتا ہے، جبکہ توحید کے کمزور شعور سے ریاکاری، موقع پرستی اور نفع پرستی جیسی کمزوریاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
ایمان و توحید، اخلاق و کردار اور عبادت و بندگی شخصیت سازی کے بنیادی ستون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توحید کا سب سے گہرا اثر عبادات پر پڑتا ہے۔ نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج محض ظاہری اعمال نہیں بلکہ اللہ کی بندگی اور توحید کے عملی مظاہر ہیں۔
رسول اللہ ﷺ نے توحید کی بنیاد پر اخوت، مساوات اور باہمی تعاون پر مبنی معاشرہ قائم کیا۔ اجتماعیت کو محض تنظیمی وابستگی نہیں بلکہ اللہ کی رضا اور اخروی فلاح کا ذریعہ سمجھنا چاہیے.
آخر میں انہوں نے زور دیا کہ وہ اپنے ایمان کی تجدید کریں، عبادات کو زندہ کریں، اخلاص، تقویٰ، صبر اور استقامت پیدا کریں، باہمی اخوت کو مضبوط کریں اور اپنی ذات و مفادات کو دین کے مشن کے تابع کریں۔
انہوں نے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ کا تقاضا صرف اسے پڑھنا نہیں بلکہ اسے اپنی زندگی میں نافذ کرنا اور آپ ﷺ کے مشن کو اپنا مشن بنانا ہے۔
امیر مقامی ڈاکٹر ایس ایم فصیح اللہ نے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ پر دستیاب کتابوں کا مطالعہ، ذکر و درود کی کثرت اور رحمت للعالمین ﷺ کی کم از کم کسی ایک سنت کو شعوری طور پر زندگی کا مستقل حصہ بنانا بھی رسول اللہ ﷺ سے عقیدت و محبت کا عملی اظہار ہے۔
پروگرام کا آغاز جناب علیم الدین احمد کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ جناب الیاس احمد شکیل نے درسِ حدیث پیش کیا نظامت جناب شرف الدین نے انجام دی۔

