کوئل ساگر سے پانی منتقل کرنے کا عمل فوری روکنے کا مطالبہ، تین دن میں اعلان نہ ہونے پر کسانوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے کا انتباہ
نارائن پیٹ22 نومبر(سماجی خبریں): سابق رکن اسمبلی اور بی آر ایس کے سینئر قائد ایس راجندر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت اقتدار میں آنے کے بعد سے انتخابی وعدوں کے برخلاف کام کر رہی ہے اور نارائن پیٹ اسمبلی حلقہ کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے انتخابی مہم کے دوران کوڑنگل اور نارائن پیٹ کو اپنی دو آنکھیں قرار دیا تھا، لیکن آج نارائن پیٹ کے کسانوں کے مسائل کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
سابق رکن اسمبلی نارائن پٔیٹ ایس راجندر ریڈی پریس کانفرنس سے مخاطب
اتوار کے روز نارائن پیٹ ضلع مرکز میں واقع سابق رکن اسمبلی کے کیمپ آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس راجندر ریڈی نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے دانستہ طور پر پالامورو۔ رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم کو پس پشت ڈال دیا ہے، جس کے ذریعہ1لاکھ32 ہزار ایکڑ اراضی کو آبپاشی کی سہولت فراہم کی جانی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ کے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے ایک مخصوص منصوبہ بندی کے تحت کوڑنگل کو پانی منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی کو بھی اعتماد میں لیے بغیر کوئل ساگر پراجکٹ سے کوڑنگل پانی منتقل کرنے کے لیے ٹنڈرس طلب کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق کوئل ساگر پراجکٹ کی گنجائش2 ٹی ایم سی ہے۔ اگر دونوں موٹرس مسلسل 24 گھنٹے چلائے جائیں تب بھی پراجکٹ کو مکمل طور پر بھرنے میں تقریباً دو ماہ دس دن لگ سکتے ہیں۔
ایس راجندر ریڈی نے کہا کہ فصلوں کی بوائی کے 42 دن بعد جب کسانوں نے احتجاج شروع کیا تب موٹرس چلائے گئے۔ مریکل کے کسانوں کی جانب سے دھرنا دیے جانے پر دوسری موٹر بھی شروع کی گئی، لیکن ایک ہفتے کے اندر ہی اسے بند کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں کسانوں کو دو فصلوں کے لیے پانی فراہم کیا گیا تھا اور آبپاشی کے تحت آنے والی اراضی کو 12 ہزار ایکڑ سے بڑھا کر 50 ہزار ایکڑ تک پہنچایا گیا تھا۔
ٹنڈرس کو واپس لینے کا مطالبہ
انہوں نے الزام لگایا کہ کوڑنگل کو آبپاشی اور پینے کے پانی کی فراہمی کے نام پر پانی منتقل کرنے کے ٹنڈرس طلب کیے گئے ہیں، جبکہ اصل مقصد لگان چرلہ انڈسٹریل پارک اور حکیم پیٹ ایجوکیشن ہب کو پانی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ 40 ایم ایل ڈی پانی کوڑنگل منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ایس راجندر ریڈی نے نارائن پیٹ کی رکن اسمبلی ڈاکٹر چٹیم پرنیکا ریڈی سے سوال کیا کہ وہ اس معاملے پر نارائن پیٹ کے کسانوں کو کیا جواب دیں گی؟
انہوں نے کہا کہ کوئل ساگر پر کوئل کنڈہ، مڈور، ہنواڑہ، کوٹھہ پلی اور گنڈومل منڈلوں کے عوام پینے کے پانی کے لیے انحصار کرتے ہیں۔ ایسے میں ان منڈلوں کی ضروریات کو نظرانداز کرتے ہوئے کوڑنگل پانی منتقل کرنے سے کسانوں اور عوام کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ اور دیورکدرہ اسمبلی حلقوں کے تقریباً 50 ہزار ایکڑ اراضی پر کاشت کرنے والے کسانوں کے مستقبل کا کیا ہوگا؟ اس معاملے پر دونوں حلقوں کے ارکان اسمبلی ڈاکٹر پرنیکا ریڈی اور مدھوسدن ریڈی کو وضاحت کرنی چاہیے۔ اگر انہیں اس منصوبے کا علم تھا تو انہوں نے اسے روکنے کی کوشش کیوں نہیں کی؟ اور اگر ان کی لاعلمی میں یہ سب کچھ ہوا ہے تو اب انہیں عوام کے سامنے جواب دینا چاہیے۔
نارائن پیٹ۔ کوڑنگل لفٹ اریگیشن اسکیم کی لاگت کے اضافہ پر تشویش
انہوں نے مزید کہا کہ نارائن پیٹ۔ کوڑنگل لفٹ اریگیشن اسکیم کے کام ابھی مکمل طور پر شروع بھی نہیں ہوئے ہیں، لیکن اس اسکیم کی لاگت 1400 کروڑ روپے سے بڑھا کر 6 ہزار کروڑ روپے تک پہنچا دی گئی ہے۔
ایس راجندر ریڈی نے واضح کیا کہ انہیں کوڑنگل کو پانی فراہم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، تاہم ان کا سوال یہ ہے کہ جب 7 ٹی ایم سی خالص آبی وسائل دستیاب ہیں تو پھر 2 ٹی ایم سی گنجائش رکھنے والے کوئل ساگر پراجکٹ سے پانی منتقل کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں کوئل ساگر کی مین کنالوں پر سیمنٹ لائننگ کے کام انجام دیے گئے اور اوکّا چیرو کے اطراف 17 چیک ڈیم بھی تعمیر کیے گئے تھے۔ریت کی منتقلی کے مسئلے پر بی آر ایس قائدین کی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کی جانب سے یہ کہنا کہ ریت نکالنے سے پانی کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے، مضحکہ خیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ۔ کوڑنگل لفٹ اریگیشن اسکیم کے ذریعہ کوڑنگل کو پینے کا پانی فراہم کرنے پر انہیں اعتراض نہیں، لیکن کوئل ساگر سے پانی منتقل کرکے کسانوں کے مفادات کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نارائن پیٹ کو دو آنکھوں میں سے ایک قرار دینے کے باوجود یہاں کے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔
اراکین اسمبلی سے مداخلت کا مطالبہ
ایس راجندر ریڈی نے نارائن پیٹ اور دیورکدرہ کے ارکان اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے کسانوں کے مفادات کا تحفظ کریں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر تین دن کے اندر کوئل ساگر سے پانی کی منتقلی روکنے کا اعلان نہیں کیا گیا تو بی آر ایس کسانوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس احتجاج میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر تلنگانہ تحریک کی طرز پر جدوجہد کی جائے گی۔ کسانوں کی فلاح و بہبود بی آر ایس کے لیے اہم ہے اور اس مقصد کے لیے پارٹی کسی بھی حد تک جانے تیار ہے۔ انہوں نے کانگریس کے ارکان اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیراعلیٰ کو قائل کرتے ہوئے کوئل ساگر سے پانی منتقل کرنے کے عمل کو فوری طور پر رکوانے کے اقدامات کریں۔
انہوں نے بتایا کہ دیورکدرہ کے سابق رکن اسمبلی آلا وینکٹیشور ریڈی نے بھی اس مسئلے پر پہلے ہی انتباہ دیا تھا۔ ایس راجندر ریڈی نے مزید الزام لگایا کہ کوڑنگل کو پانی منتقل کرنے کے مقصد سے کانگریس حکومت دوسری فصل کی کاشت نہ ہونے دینے کی حکمت عملی اختیار کر رہی ہے۔اس پریس کانفرنس میں بی آر ایس پارٹی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
نارائن پیٹ خشک سال کی صورتحال پر جامع رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت: چیف سکریٹری
ناشر : سماجی خبریں
ناراین پیٹ : قومی یومِ تعلیم پر تحریری مقابلہ کا انعقاد، کامیاب طلبہ میں میمنٹو کی تقسیم

