ٹریفک کی حمل و نقل اور اہم مقامات پر حسوصی ٹیمیوں کی تشکیل،گنیش وسرجن کے پُرامن انعقاد کے لیے پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات
محبوب نگر21 سمتبر(سماجی خبریں): گنیش شوبھا یاترا اور وسرجن کو پُرامن، خوشگوار اور محفوظ ماحول میں انعقاد کے لیے ضلع پولیس انتظامیہ پوری طرح چوکس اور مستعد ہے۔ اس سلسلے میں ضلع ایس پی محترمہ ڈی. جھانکی (IPS) نے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ہمراہ محبوب نگر ٹاؤن کے روایتی گنیش شوبھا یاترا و وسرجن روٹس، کلیدی چوراہوں، حساس علاقوں اور وسرجن پوائنٹس کا زمینی سطح پر تفصیلی معائنہ کیا۔
اپُنا پلی ایکو پارک کے روبرو قائم مصنوعی آبی پونڈ، پنچاوتی اسکول کے قریب اور چنا درپلی کے نزدیک تیار کردہ پونڈز کاضلع ایس پی محترمہ ڈی جانکی نےمعائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ گنیش وسرجن کے دوران عقیدت مندوں اور عام شہریوں کو کسی قسم کی دشواری یا زحمت نہ ہو، ٹریفک نظام کو ہموار رکھا جائے اور کڑے سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ اس کے علاوہ چھوٹے گنیش مورتیوں کے لیے بائی پاس روڈ پر قائم کلیکشن پوائنٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ٹریفک کنٹرول اور بھاری گاڑیوں کا داخلہ ممنوع
گنیش شوبھا یاترا اور وسرجن کے دوران اہم سڑکوں اور چوراہوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ متوقع ہے۔ حیدرآباد، بھوت پور، رائچور، کوئل کنڈہ اور چنچولی کے راستوں سے محبوب نگر ٹاؤن میں آنے والی تمام بھاری گاڑیوں کو سختی سے بائی پاس روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کلاک ٹاور چوراہا آمدورفت کے لیے بند
21 ستمبر شام 6:00 بجے سے لے کر 25 ستمبر صبح 6:00 بجے تک محبوب نگر ٹاؤن کے کلاک ٹاور چوراہے سے تمام اقسام کی گاڑیوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی رہے گی۔ شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی جانب سے بتائے گئے متبادل راستوں کا ہی استعمال کریں۔
ڈی جے (DJ) اور تیز آواز پر سخت پابندی
ضلع پولیس نے واضح کیا کہ گنیش وسرجن اور شوبھا یاترا کے دوران ڈی جے اور تیز آواز والے ساؤنڈ سسٹم کے استعمال کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مذہبی روایات و تقدس کا خیال رکھتے ہوئے پولیس کے تمام ضوابط کی مکمل پابندی لازمی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور افواہوں کے خلاف انتباہ
عوام اور نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ گنیش وسرجن اور حفاظتی انتظامات سے متعلق سوشل میڈیا پر پرانی ویڈیوز، گمراہ کن مواد یا غیر مصدقہ خبریں اور افواہیں نہ پھیلائیں۔ کسی بھی قسم کی مشکوک اطلاع ملنے پر فوری پولیس کو مطلع کریں۔اس معائنے کے دوران ڈی ایس پی شری وینکٹیشورلو، ون ٹاؤن سی آئی اپیا، ٹریفک سی آئی راجندر ریڈی، ویمن پولیس انسپکٹر کرشنا اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔
محبوب نگر پولیس بارش میں بھی ہمہ وقت کارکردگی کیلئے تیار۔ ضلع ایس پی ڈی جانکی۔
رپورٹ: محمد فرید صدیقی
ناشر: سماجی خبریں

